ریحام خان کی پاکستان آمد، الیکشن لڑنے کا عندیہ دے دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ریحام خان کی پاکستان آمد، الیکشن لڑنے کا عندیہ دے دیا۔ اختیارات دینے والی کسی فاتح پارٹی نے پیشکش کی تو الیکشن لڑنے میں دلچسپی لوں گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے پاکستان واپسی کے ساتھ ہی انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ دے دیا ہے۔ نجی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ اگر اختیارات دینے والی کسی پارٹی کو انتخابات میں فتح نصیب ہوئی اور انہیں پیشکش کی گئی تو وہ الیکشن لڑنے میں دلچسپی لیں گی۔ریحام خان کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ لندن پلان کا کبھی بھی حصہ نہیں رہیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں سے فاصلہ رکھنا ضروری ہوتا ہے۔اپنے ماضی کے حوالے سے ریحام خان کا کہنا تھا کہ ایک ذاتی اور غلط فیصلہ میں نے کیا اور ایک گورنر پنجاب چودھری سرور نے کیا تھا۔ مجھے اپنے غلط فیصلے کے بارے میں 6 ماہ میں ہی پتا چل گیا تھا، اور اسی طرح چودھری سرور کو بھی پتا چل گیا ہے۔اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آج کی تاریخ تک پاکستان مسلم لیگ ن فاتح پارٹی ہے اور اس پارٹی کا ٹکٹ بھی فتح کا نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی سیاست میں تبدیلی لائے گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ریحام خان پاکستان واپس آئی تھیں۔ معروف خاتون صحافی بیرون ملک سے پاکستان آمد کے بعد پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بانی مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے گھر پہنچیں۔ ریحام خان نے مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے گھر پہنچنے کے بعد ان کے اہل خانہ (اہلیہ اور صاحبزادی) سے بانی ایٹمی پروگرام کی وفات پر تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو سراہا اور ان کی تعلیمات کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

متعلقہ خبریں