عمران خان کی جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مبنی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کرہ ارض پرسب سے زیادہ جھوٹ بولنے والا شخص ہے جواقتدار سے محروم ہونے کے بعد معاشرے میں نفرت کا زہرگھول رہا ہے،عمران خان کی جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مبنی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے،

اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی رہنمائوں کے عمران خان کے بارے میں خیالات سن کرحیران رہ گیا، انہوں نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو بلاوجہ نقصان پہنچایا،نومبرمیں چین کا دورہ کروں گا۔ برطانوی اخبار ’’دی گارڈین‘‘کوانٹرویومیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ذاتی ایجنڈے کیلئے کرپشن کے خاتمے کو اپنا منشور بنا کر پیش کیا لیکن وہ پاکستانی تاریخ کے سب سے زیادہ ناتجربہ کار،خود پسند، انا پرست اورناپختہ سیاست دان ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ لیک ہونے والی آڈیوز سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ عمران خان کرہ ارض پر سب سے زیادہ جھوٹ بولنے والا شخص ہے اور یہ بات میں خوشی سے نہیں کہہ رہا بلکہ یہ ہمارے لئے شرمندگی اورتشویش کا باعث ہے کیونکہ عمران خان کے ذاتی ایجنڈے اورمقاصد کیلئے بولے گئے جھوٹ سے ہمارے ملک کے تشخص کو نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کو اپنے تمام دانستہ مجرمانہ اقدامات کیلئے جوابدہ ہونا پڑے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس سے قبل کبھی ملک کے مستقبل کے حوالے سے پریشان نہیں تھے، عمران خان نے معاشرے میں اتنی نفرت اور زہر بھر دیا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں تھا، وہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں اور معاشرے میں نفرت پھیلاتے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات دوبارہ استوار کرنے کے حوالے سے اپنی کوششوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پراس وقت حیران رہ گئے

جب کئی عالمی رہنمائوں نے ان سے ملاقات کے دوران عمران خان کے رویے کا ذکر کیابعض رہنمائوں نے مجھے عمران خان کی شخصیت کے حوالے سے ذاتی طور پر آگاہ کیا کہ وہ (عمران خان) ناشائستہ رویے کے حامل ، جھوٹے اور خود پسند تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ

عمران خان نے امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بلاوجہ نقصان پہنچایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کے چین کے ساتھ قریبی تعلقات کودوبارہ سے بہتر بنائیں گے جنہیں عمران خان کی طرف سے چین پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک) کو مبینہ طور پر روکے جانے کے باعث نقصان پہنچا۔

وزیراعظم نے اس منصوبے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نومبرمیں چین، جو پاکستان کا سب سے زیادہ آزمودہ دوست ہے ، کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی بہتری کیلئے ایک اچھا منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے

قائد نوازشریف سے حکومتی امورمیں مشاورت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف ان کے رہنما اور بڑے بھائی ہیں اور وہ ان سے مشورہ کرتے ہیں لیکن انہوں نے مجھے فیصلے کرنے کیلئے مکمل اختیاردیا ہوا ہے۔خاندانی سیاست کے حوالے سے عمران خان کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے ایک سوال کیجواب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ خاندانی سیاست کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ اہلیت، عوامی حمایت اورعوام کا اعتمادجیتنے کی بات ہے۔

متعلقہ خبریں