مافیاز نے اپنا تسلط برقرار رکھنے کیلئے اداروں کو تباہ اورلاقانونیت کو فروغ دیا،عمران خان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مافیاز نے اپنا تسلط برقرار رکھنے کیلئے ادارے تباہ کیے اور لاقانونیت کو فروغ دیا، وقت آگیا ہے نظامِ عدل اپنی توجہ قانون شکنوں اور مجرم اشرافیہ پر مرکوز کرے، وکلاء برادری ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے کردار ادا کرے۔ اے آروائی نیوز کے مطابق ملک بھر کی بارایسوسی ایشنز کے صدور کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں لاہور ، فیصل آباد ، سرگودھا بار کے صدور شامل تھے، اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شعیب شاہین بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔ بارایسوسی ایشنز کے صدور نے آئین وقانون کی بالادستی کے حوالے سے عمران خان کے ویژن اور پی ٹی آئی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ملک میں قانون کی عملداری اور ریاستی اداروں کے مابین اختیارات کی دستوری تقسیم کا جائزہ لیا گیا۔

مقتدر سیاسی اتحاد کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے ججز کیخلاف نفرت آمیز مہم پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی قومی ترقی کے ایجنڈے کا بنیادی نکتہ ہے، پی ٹی آئی عدل و انصاف کے قیام کیلئے گزشتہ 26 سال سے سیاسی میدان میں متحرک ہے، مافیاز نے اپنے تسلط کے دوام کیلئے ادارے تباہ، ملک میں لاقانونیت کو فروغ دیا۔عمران خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے نظامِ عدل اپنی توجہ قانون شکنوں اور مجرم اشرافیہ پر مرکوز کرے، وکلاء برادری ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے آگے بڑھے اور کردار ادا کرے۔اس سے قبل چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 8 مارچ کو جب تحریک عدم اعتماد جمع ہوئی تو ڈالر 178روپے کا تھا۔آج ڈالر 250روپے کا ہوگیا۔8 مارچ کو مہنگائی کی شرح 16اعشاریہ 5 فیصد تھی ،اب 38 فیصد ہوگئی ہے۔امپورٹڈ حکومت کرپٹ اورنااہل ہے۔عمران خان نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ ا س تبا ہی کا ذمہ دار کو ن ہے؟

متعلقہ خبریں