عوام کو اس تازہ ترین اور سب سے بڑے حملے کے خلاف باہر نکلنا ہوگا ،وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام ہمیشہ ملک کی خودمختاری اور جمہوریت کے مضبوط ترین محافظ ہوتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ایک غیر ملکی طاقت نے مقامی ساتھیوں ہمارے میر جعفروں اور میر صادقوں کے ذریعے پاکستان کی خودمختاری اور جمہوریت پر حملہ کیا ، عوام کو اس تازہ ترین اور سب سے بڑے حملے کے خلاف باہر نکل کر ملکی سالمیت ، خودمختاری اور جمہوریت کا دفاع کرنا ہوگا۔

علاوہ ازیں مختلف ٹی وی چینلز پر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے دھمکی آمیز خط کے معاملے کی تحقیقات کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے ہائی پاور کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے ، اس حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان کے وکلاء آج سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے ، کیوں کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے حکومت گرانے کے لیے کی گئی عالمی سازش کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ، وزیرِ اعظم عمران خان کی طرف سے منحرف ارکان اور ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جب کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے از خود نوٹس سے متعلق گزشتہ روز اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کی تھی۔ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کا مؤقف ہے کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں بین الاقوامی سازش کو تسلیم کیا گیا ، کرپٹ سیاستدانوں نے حکومت گرانے کے لیے عالمی ایجنڈے پر عمل کیا۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسٹیبلشمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ خط کے معاملے پر قوم کو وضاحت دی جائے، یہ ایک سیاسی جھوٹ تھا، سچائی عوام کے سامنے آنی چاہیئے، خط کا ڈرافٹ وزارت خارجہ میں تیار ہوا، سوالات سے بچانے کیلئے امریکی سفیر کوراتوں رات برسلز بھیجا گیا، این ایس سی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، یہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی ہے کوئی عمران بچاؤ کمیٹی نہیں۔

متعلقہ خبریں