ابھی تک اپوزیشن کو سمجھ نہیں آ رہی کہ ہوا کیا ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ابھی تک اپوزیشن کو سمجھ نہیں آ رہی کہ ہوا کیا ہے ۔ اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آپ کو سمجھانا چاہتا ہوں کہ ہوا کیا ہے ، آپ کو یاد کرانا چاہتا ہوں کہ شام کو آیا تو سب کو کہنا پڑا تھا گھبرانا نہیں ہے ، جو کچھ ہوا یہ آپ کو کل نہیں بتا سکتا تھا ورنہ اپوزیشن آج اتنی شاکڈ نہ ہوتی ۔وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل نے واضح طور پر کہہ دیا کہ عدم اعتماد بیرونی سازش ہے اور نیشنل سیکیورٹی کونسل میں تمام سروسز چیفس موجود تھے ، پاکستانی سفیر کی امریکی اہلکار ڈونلڈ لو یا جو بھی اس کا نام تھا اس سے ملاقات ہوئی اور ملاقات کی گفتگو نیشنل سیکیورٹی کونسل میں بتائی گئی تو اس کے منٹس جاری کیے گئے ۔

عمران خان نے کہا کہ تصدیق کی گئی کہ باہر سازش بنی اور پاکستان میں مداخلت کی گئی ، عدم اعتماد بیرونی سازش تھی لیکن ہمیں چھوڑنے والوں سے سفارتخانے کے لوگ مل رہے تھے ، ملک کے سربراہوں سے سفارتی اہلکار ملتے ہیں لیکن ان سے ملنے کا کیا مقصد تھا اور ملک کی اعلیٰ ترین باڈی جب یہ کنفرم کر دیتی ہے تو پھر عدم اعتماد اور نمبر کا کوئی مقصد ہی نہیں رہتا۔خیال رہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنی رولنگ میں کہا کہ کسی غیر ملکی طاقت کو حق نہیں کہ پاکستان کی حکومت کو سازش سے گرائے ، اس لیے تحریک عدم اعتماد آئین و قانون کی خلاف ورزی اور قواعد و ضابطے کے خلاف ہے ، عدم اعتماد کی تحریک کا آئین و قانون کے تحت ہونا ضروری ہے لہذا تحریک عدم اعتماد کی قرار داد کو مسترد کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں