جھوٹی خبر ناقابل ضمانت جرم ہو گاجس کی سزا5سال ہوگی،وزیرقانون

کراچی (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پیکا اور الیکشن ایکٹ کا آرڈیننس جاری ہو رہے ہیں ، آئین میں کہیں دکھا دیں کہ فیک نیوز ٹھیک ہے، پیپلز پارٹی نے اگر اس قانون کو مسترد کر دیا ہے تو کیا وہ فیک نیوز چاہتے ہیں؟۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا تنقید کرنا چاہتا ہے تو بالکل کرے لیکن فیک نیوز نہیں ہونی چاہیے ، جدید دور میں میڈیا کی بہت اہمیت ہے ، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور پیکا آرڈیننس میڈیا پر قدغن سے متعلق نہیں ہے بلکہ یہ قانون ان لوگوں کے لیے جو پبلک آفس ہولڈر یا سلیبرٹی ہیں ، کیا ہم نہیں چاہتے کہ غلط خبر اب نہیں ہونی چاہیے ، معاشرے کی بنیاد جھوٹ پر ہو تو کیا معاشرہ بنے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کے خلاف گندی زبان استعمال کی گئی، خاتون اول کے حوالے سے طلاق کی خبریں چلائی گئیں ، پاکستان سے متعلق جھوٹی خبروں میں بھارت کا بڑا ہاتھ ہے ، اس کے علاوہ کچھ لوگ ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ قانون فیک نیوز کا قلع قمع کرنے کے لیے بہت ضروری ہے بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ پیکا قانون سب کے لیے ہو گا ، یہ ایکٹ آئین سے متصادم نہیں ہے ، فیک نیوز کا 6 مہینے میں ٹرائل ہوگا اور 2 سال کی جگہ 5 سال سزا ہوگی ، جھوٹی خبر ناقابل ضمانت جرم ہو گا اور 6 مہینے میں ٹرائل مکمل نہیں ہوتا تو ہائیکورٹ متعلقہ جج سے پوچھے گا ، جج ہائیکورٹ کو مطمئن نہ کر سکا تو اس کے خلاف بھی ایکشن ہو گا۔

ادھر سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین بھی فیک نیوز کا نشانہ بن گئے ، پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر کو بےبنیاد جھوٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین 15 روز پہلے ہسپتال سے گھر آچکے ہیں،وہ گھر پر خیریت سے ہیں۔ انہوں نے اپنےایک بیان میں کہا کہ چودھری شجاعت حسین گھر پر خیریت سے ہیں، چودھری شجاعت حسین 15 روز پہلے ہسپتال سے گھر آچکے ہیں ، انہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ چودھری شجاعت حسین کے انتقال کی جھوٹی خبرسوشل میڈیا پر چلائی گئی ، اسی طرح سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے نے کہا کہ چودھری شجاعت روبصحت ہیں، ان سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر بے بنیاد ہے۔

متعلقہ خبریں