یوکرین میں چیچنیا کی فوج تعینات، یوکرینی اپنی حکومت کا تختہ الٹ دیں،چیچنیا کے رہنما کا پیغام

ماسکو(این این آئی)روس کی جمہوریہ چیچنیا کے رہ نما اور روسی صدر ولادی میرپوتین کے اتحادی رمضان قادروف نے چیچن جنگجوئو ں کی یوکرین میں تعیناتی کی تصدیق کی ہے اوریوکرینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی حکومت کا تختہ الٹ دیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق آن لائن پوسٹ کی گئی ایک ویڈیومیں قادروف نے اظہارتفاخر کرتے ہوئے کہا کہ چیچن یونٹوں کو اب تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے دعوی کیا ہے کہ روسی افواج دارالحکومت کیف سمیت یوکرین کے بڑے شہروں پرآسانی سے قبضہ کرسکتی ہیں لیکن وہ جانی نقصان سے بچنا چاہتی ہیں۔

قادروف نے یوکرینی ذرائع سے ہلاکتوں کی جھوٹی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آج تک، اس لمحے تک ہمارے پاس ایک بھی کسی جانی یا زخمی کی اطلاع نہیں ،کسی بھی شخص کی ناک نہیں بہ رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ صدرپوتین نے درست فیصلہ کیا اور ہم بہرصورت ان کے احکامات پر عمل کریں گے۔رمضان قادروف اکثرخود کو صدرپوتین کا پیدل سپاہی قراردیتے ہیں اور ان کے الفاظ روسی رہنما کے الفاظ کی بازگشت ہیں۔انھوں نے جمعہ کے روز یوکراینیوں پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی ہی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ نو نازیوںپر مشتمل ہے۔چیچن صدر نے شام اور جارجیا میں اس سے قبل کریملن کی فوجی کارروائیوں کی حمایت میں اپنی افواج تعینات کی تھیں۔انھوں نے اپنی ویڈیو اس وقت جاری کی جب روسی افواج نے یوکرین کے شہروں کو توپ خانے اور کروزمیزائلوں سے تیسرے روز بھی نشانہ بنایا ہے جبکہ یوکرین کے مدافع مگر پرعزم صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ دارالحکومت کیف پر بدستور ان کی افواج کے کنٹرول میں ہے۔

متعلقہ خبریں