جوتا چوری کی انوکھی واردات، ملزمان ایک پاؤں کے جوتے لے کر فرار

شمالی امریکی ملک پیرو میں جوتوں کی دکان میں چوری کی انوکھی واردات ہوئی، ملزمان نے اسٹور سے سیکڑوں جوتے چوری کرلیے لیکن واردات کے دوران ان سے ایک بہت بڑی غلطی سرزد ہوگئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پیرو کے شہر ہیانکاو میں تین افراد دکان میں گھسے اور 200 سے زائد جوتے کرکے فرار ہوگئے۔

تاہم چوروں نے اس واردات کے دوران جو جوتے چوری کیے وہ تمام دائیں پیر کے جوتے تھے جبکہ دوسرا پیر گودام میں موجود تھا۔

دکان کے مالک کے مطابق جوتوں کی قیمت 13 ہزار ڈالر سے زائد ہے، چوروں نے دکان میں شیلف پر موجود جوتے چوری کیے تھے۔

اس واردات کے مناظر دکان میں موجود سکیورٹی کیمرے نے محفوظ کیے ہیں۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا تھا کہ ملزمان رات کے اندھیرے میں دکان کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور مختلف برانڈز کے جوتے چوری کرکے سائیکل میں رکھ کر فرار ہوگئے۔

مقامی پولیس چیف ایڈوان ڈیاز نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں، اس ڈکیتی کی غیر معمولی بات یہ ہے کہ صرف دائیں پاؤں کے جوتے چوری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’فوٹیج اور انگلیوں کے نشانات کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے‘۔

متعلقہ خبریں