برطانیہ میں ایک شخص نے کمر پر فریج اُٹھا کر 24 گھنٹوں میں 3 بلند چوٹیاں سر کرلیں

برطانیہ کے سابق فوجی اہلکار نے اپنی کمر پر فریج اٹھا کر 24 گھنٹوں میں 3 بلند چوٹیاں سر کرلیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مائیکل کوپ لینڈ نے اپنے کمر پر فریج اٹھاتے ہوئے صرف 24 گھنٹوں میں انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز کے تین بلند ترین سر کے سب کو حیران کرلیا۔

انہوں نے یہ کارنامہ خیراتی کام کے لیے رقم اکھٹا کرنے کے لیے کیا تھا۔

مائیکل کہتے ہیں کہ ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج وقت تھا، ’تینوں چوٹیوں کو سر کرنے کے لیے وقت بہت بڑا چیلنج تھا، مجھے آخری گھنٹے تک بہت تیز دوڑنا پڑا‘۔

فوٹو: بی بی سی
انہوں نے بتایا کہ فریج کا مقصد ذہنی صحت کے مسائل کے بوجھ کو واضح کرتا ہے۔

انہوں نے ذہنی صحت کے خیراتی ادارے ’مائینڈ‘ کے لیے ہزاروں ڈالرز جمع کیے ہیں۔

فریج کا بھاری وزن کمر پر اٹھا کر چوٹیاں سر کرنے کا تجربہ بتاتے ہوئے مائیکل نے کہا کہ ایسا کرنے کے لیے انہیں بہت محنت کرنا پڑی، انہوں نے کہا کہ ’چوٹیاں سر کرنے کے دوران موسلادھار بارشیں ہوئیں، چوٹی پر چڑھنے کے دوران 30 سے 40 میل فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں، ایسا لگ رہا تھا ہمیں کوئی پہچھے دھکیل رہا ہے‘ ۔

مائیکل کوپلینڈ نے اسکاٹ لینڈ کی بین نیوس چوٹی، انگلینڈ کی اسکافیل پائیک اور ویلز کی سنوڈن پہاڑ کی چوٹیاں سر کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں 24 گھنٹوں میں تینوں چوٹیاں سر کرنے کے لیے آخری لمحات میں دوڑنا پڑا، یہ بہت ڈرامائی تھا۔

مائیکل نے بتایا کہ میں اپنی کمر پر فریج رکھ کر دوڑ رہا تھا، یہ بہت تکلیف دہ تھا۔

انہوں نے اس تجربے سے قبل ٹریننگ بھی حاصل کی تھی۔

مائیکل نے کہا کہ ’یہ صرف فریج کی بات نہیں ہے بلکہ اس کا اصل مقصد ذہنی مسائل کے بوجھ کی نمائندگی کرنا ہے‘۔

مائیل کوپلینڈ نے اس کارنامے سے 7 ہزار پاؤنڈ (8 ہزار 781 ڈالرز) سے زائد جمع کرنے میں کامیاب ہوئے۔

متعلقہ خبریں