پاکستان کو یورپی منڈیوں تک رسائی کیلئے جی ایس پی پلس مل گیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) پاکستان کو یورپی منڈیوں تک رسائی کیلئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے خوشخبری سنائی ہے کہ ہمیں 2 سال کے لیے جی ایس پی پلس مل گیا ہے اور اب ہم جی ایس پی پلس پر بہت زیادہ توجہ دے رہے ہیں ، جس کے تحت معیشت کی بہتری کے لیےطویل المدت منصوبے بنائیں گے ، ہماری ایکسپورٹ میں ترقی ہوگی اورانحصار امپورٹ پر کم ہوجائے گی۔خیال رہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ 2013 میں ملا تاہم اس کے فوائد یکم جنوری 2014 سے 2017 تک ڈیوٹی فری رسائی کے طور پر حاصل ہوئے ، جن میں بعد ازاں 2 مرتبہ توسیع کی جا چکی ہے اور اب ایک بار پھر پاکستان جی ایس پی پلس کا حامل ملک بن گیا ہے، جس کی ایسی دو تہائی مصنوعات جن پر درآمدی ڈیوٹی لاگو ہوتی ہے اسے صفر فیصد کر دیا گیا ہے تاہم اس کے لیے کچھ شرائط بھی رکھی گئی ہیں ، جس ملک کو بھی یہ درجہ دیا جاتا ہے اسے انسانی حقوق ، مزدوروں کے حقوق ، ماحولیات کے تحفظ اور گورننس میں بہتری سمیت 27 بین الاقوامی معاہدوں کی توثیق کرنا ہوتی ہے، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے بنیادی اصولوں کے تحت صنعتوں اور کارخانوں میں یونین سازی کو یقینی بنانا ہوگا۔

جی ایس پی پلس کی شرائط کے تحت جبری یا رضا کارانہ مشقت، چائلڈ لیبر، کام کی جگہ پر جنس رنگ و نسل عقیدے کی بنیاد پر امتیازی طرز عمل کو ختم کرنا ہوگا ، ان 27 کنونشنز کی خلاف ورزی کی صورت میں یورپی یونین پاکستان کو دی جانے والی اس سہولت پر نظرثانی کی مجاز ہے ، صرف یہی نہیں بلکہ ان معاملات پر یورپی یونین کو مانیٹرنگ اور اس کی رپورٹنگ کو بغیر کسی تحفظات کے اظہار کے ماننا پڑتا ہے اور اس سلسلے میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون بھی ناگزیر ہے ، یورپی یونین ان شرائط پر عمل در آمد کا جائزہ لیتا رہے گا اور ان پر عمل در آمد نہ ہونے کی صورت میں جی ایس پی پلس کا سٹیٹس واپس بھی لیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں