امریکی محکمہ خارجہ کا عمران خان اور الہان عمر کی ملاقات پر ردعمل آگیا

واشنگٹن(نیوز ڈیسک )ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے عمران خان اور الہان عمر کی ملاقات پر سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ الہان عمر پاکستان میں بائیڈن انتظامیہ کی نمائندگی نہیں کر رہیں۔ واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس کانفرنس کی اور اس دوران اُن سے سابق وزیراعظم عمران خان اور الہان عمر کی ملاقات پر سوال کیا گیا۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا الہان عمر پاکستان میں بائیڈن انتظامیہ کی نمائندگی کر رہی ہیں ؟ جس پر نیڈ پرائس نے جواب دیا کہ الہان عمر پاکستان میں بائیڈن انتظامیہ کی نمائندگی نہیں کر رہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ الہان عمر اور عمران خان کی ملاقات سے متعلق کانگریس ویمن کے دفتر سے رابطہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئی امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں اسلامو فوبیا اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، مرکزی سیکرٹری جنرل اسدعمر ، ڈاکٹر شیریں مزاری ، زلفی بخاری، ڈاکٹر شہباز گل بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں دوطرفہ امور اور باہمی تعلقات کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ملاقات میں بھارت میں پھیلتے شدت پسند ہندوتوا نظریے اور مسلمانوں پر اسکے تباہ کن اثرات پر بھی بات چیت کی گئی ۔

متعلقہ خبریں