پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

کراچی(نیوز ڈیسک)پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی، اسلام آباد نے کراچی کنگز کے 197 رنز کا ہدف 19.1 اوور میں حاصل کرلیا۔ اسلام آباد کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کیا، اوپنر فل سالٹ صفر پر پویلین لوٹ گئے جب کہ ایلکس ہیلز نے 46 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے ، کپتان شاداب بھی صفر پر پویلین لوٹ گئے جب کہ فہیم اشرف صرف 25 رنز ہی بناسکے ۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا۔

دونوں اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پی ایس ایل کے تمام ایڈیشن میں 176 رنز کی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بناڈالا جس کے بعد بابر اعظم 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر شرجیل خان بھی 106 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے ۔ بابر اعظم اور شرجیل خان کی بیٹنگ کے سامنے اسلام آباد کے باؤلرز بے بس نظر آئے ، دونوں کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش شارٹس کھیلے جس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز کی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ایلکس ہیلز کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔کراچی کنگز کی ٹیم میں کپتان عماد وسیم، بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، ڈین کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال شامل تھے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان، فلپ سالٹ، آصف علی، فہیم اشرف، لیوس گریگری، ایلکس ہیلز، حسن علی، ظفر گوہر، محمد وسیم، حسین طلعت اور افتخار احمد شامل تھے ۔واضح رہے کہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں اب تک ایک، ایک میچ کھیلا ہے اور دونوں ہی ناقابل شکست رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں