عالمی اور مقامی منڈیوں کو پی ڈی ایم حکومت پر بالکل اعتماد نہیں، حماد اظہر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت پر عالمی اور مقامی منڈیوں کو بالکل اعتماد نہیں ہے، دوست ممالک بھی وفاقی حکومت کوعارضی سمجھتے ہیں، اقتدار سے چمٹے رہنا پاکستان کے مفاد کیخلاف ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے معاشی تباہی کو جنم دیا ہے۔اب اس تباہی سے نپٹنے کی ان کے پاس اہلیت نہیں۔ عالمی اور مقامی منڈیوں کو پی ڈی ایم حکومت پر اعتماد نہیں۔ دوست ممالک بھی وفاقی حکومت کو مصنوعی اور عارضی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے اس وقت انن کا چمٹے رہنا پاکستان کے مفاد کے شدید خلاف ہے۔

مزید برآں سابق وزیر خزانہ اور تحریک انصاف کے سینیٹر شوکت ترین نے بڑھتی مہنگائی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، شوکت ترین نے سما جی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ روپے کی گراوٹ کے ساتھ ہم جانتے ہیں کہ وہ معیشت کو نہیں سنبھال سکتے۔انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ تو ہم کب تک نئے انتخابات کا انتظار کریں گے؟ ادھر تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز اسپیڈ کے دور میں مہنگائی کی تیر رفتاری جاری ہے۔ جبکہ عوام اشیا ئے خورونوش کی ہوشربا قیمتوں پر پریشان ہیں ۔ حکمران اتحاد کو بس اپنی سیاست بچانے کی فکر ہے ۔ سابق وزیر مملکت کہنا تھا کہ نالائق اعظم شہباز شریف کو بیرونی سازش کے تحت جب سے اقتدار میں لایا گیا تب سے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔صرف جولائی کے مہینے میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں 37 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب سمیت سفید پوش کی قوت خرید ختم ہوگئی،غریب دو وقت کی روٹی کھائے یا بجلی کابل دے۔ انکا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام کا جینا مشکل کر دیا۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بھی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مپورٹڈ حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔بنیادی ضروریات کی اشیاء کے افراط زر میں 37 فیصد سے زائد اضافہ ہونا پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ اسد عمر نے کہا صرف ایک ہفتے میں 3 اعشاریہ 68 فیصد اضافہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایک ہفتے میں اتنا اضافہ نہیں ہوا۔ گزشتہ 2 ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر 1 اعشاریہ 2 بلین ڈالر کم ہوگئے۔

متعلقہ خبریں