عمران خان کو صادق امین کہنے والے خود صادق امین نہیں رہے،قمر زمان کائرہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)حکمران اتحاد تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کے جلد فیصلے کیلئے دباو بڑھانے لگا،وزیر اعظم کے مشیر اور پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ ہوئے بہت دن ہوگئے ہیں،اب فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد آنا چاہئے۔ قمرزمان کائرہ نے مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ فیصلے جلد کیے جاتے ہیں،اور کچھ فیصلوں کیلئے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔فیصلوں کے نتیجے میں حکومتیں جارہی ہیں اور آرہی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ممنوعہ فنڈنگ کافیصلہ جلد از جلد کیا جائے۔ اداروں کو متنازعہ کرنا نہیں چاہتے ہیں،عمران خان کو صادق امین کہنے والے خود صادق اورامین نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر بھی دباو روز بروز بڑھتا جا رہا ہے،عمران خان فیصلے سے پہلے الیکشن کمیشن پر دباؤ بڑھارہے ہیں۔آج کل سیاست میں بڑی گہما گہمی ہے۔ واضح ر ہے اس سے پہلے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی پریس کانفرنس کے دوران مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فی الفور فیصلہ ہونا چاہیے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کے فیصلہ کا قوم انتظار کر رہی ہے جبکہ ماڈل ٹاون کا فیصلہ ہو چکا،ہم پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوئے۔فارن فنڈنگ کیس کا فی الفور فیصلہ کیا جائے کیونکہ 5 سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہو رہا۔50 بار فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ملتوی کی گئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس کیس سے بچنے کے لیے 9 رٹ پٹیشن دائر کیں۔ فیصلہ محفوظ ہو گیا ہے جسے سنانے میں الیکشن کمیشن کو کونسی رکاوٹ ہے ؟ وفاقی کابینہ اجلاس میں بھی فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا اور اتحادی حکومت کا بھی مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری سنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کرانے ہیں تو پہلے اپنی 2 حکومتیں ختم کرو۔ پنجاب حکومت کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں