چاند پر جتنا تھوکو گے تمہارے منہ پر گرے گا، عمران خان پر لگائے جانے والے الزامات پر شہباز گل کا جواب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء شہبازگل نے کہا ہے کہ عمران خان نے تحفے میں ملا پلاٹ یا مہنگی چیز بیچ کررقم شوکت خانم کو عطیہ کی، توشہ خانہ کی گھڑی بیچ کر سڑک بنوائی، چاند پر جتنا تھوکو گے تمہارے منہ پر گرے گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان کو آج تک اگر کوئی پلاٹ یا کوئی اور مہنگی چیز تحفے میں ملی تو ہمیشہ انہوں نے اسے بیچ کر پیسے شوکت خانم کینسر ہسپتال کو دے دئیے۔ اس بار انہوں نے سڑک بنوا دی۔ انہوں نے کہا کہ لیکن جیو ٹی وی کے مطابق یہ بہت بڑا جرم کر دیا۔ چاند پر جتنا تھوکو گے تمہارے منہ پر گرے گا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کی بنیاد پر نااہلی کا ریفرنس دائر کیے جانے کا امکان ہے، وزارت قانون میں ریفرنس کی تیاری جاری ہے۔نااہلی کا ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوایا جائے گا۔عمران خان پر توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف کو چھپانے کا الزام لگایا جائے گا۔ ن لیگ کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے توشہ خانے سے تحائف لے کر ان کو بیچا۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے بھی عمران خان پر سخت تنقید کی تھی۔ مریم نواز کی عمران خان پر کی جانے والی تنقید پر فواد چودھری کی جانب سے ردعمل میں کہنا تھا کہ مریم نواز اور فیملی نے توشہ خانے سے گاڑیوں سے لیکر بیگز تک خریدے اور ایسے معصوم بنی ہوئیں ہیں جیسے کسی کو پتہ ہی نہیں۔عمران خان پر چار سال کی حکومت کے بعد الزام یہ ہے کہ گھڑی لی وہ بھی پیسے دے کر، آپ پورا ملک کھا گئے اور ڈکار بھی نہیں مارا، کیا باتیں کرتی ہیں ماشااللّہ۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بقول توشہ خان کے 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے تو کان کھول کے سنُ لو، بہت جلد تم سمیت تمھاری پوری سابق کابینہ پکڑی جائے گی اور ان کو ضمانتیں بھی نہیں ملنی انشاءاللّہ! ہمیں تو جھوٹے مقدمات اور انتقام میں پکڑا تھا نا، تمھارے مقدمات بڑے جرائم اور نا قابلِ تردید شواہد پر ہوں گے۔

متعلقہ خبریں