پاکستان نے سعودیہ سے ایک بار پھر ادھار تیل کی سہولت میں توسیع درخواست کردی

اسلام آباد( نیوز ڈیسک) پاکستان نے سعودی عرب سے ایک بار پھر ادھار تیل کی سہولت میں توسیع درخواست کردی۔ سماء نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالر کے بجائے 3.6 ارب ڈالر کے ادھار تیل کے لئے دونوں ممالک میں مذاکرات جاری ہیں ، جہاں پاکستان نے سعودی حکام سے درخواست کی ہے کہ مؤخر ادائیگی پر پہلے سے ملنے والی تیل کی سہولت میں توسیع کی جائے، اور سالانہ 1.2 ارب ڈالر کی بجائے 3.6 ارب ڈالر کی سہولت دی جائے۔ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے یومیہ 10 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل فراہم کیا جارہا ہے اور اگر پیکج میں توسیع ہوجاتی ہے تو پاکستان کو یومیہ 30 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل فراہم کیا جائے گا ، اس حوالے سے بات چیت جاری ہے اور پاکستان کو جلد سعودی عرب کی جانب سے 3.6 ارب ڈالر کی سہولت ملنے کا امکان ہے۔ادھر چین نے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر پاکستان کو منتقل کردیے، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹرپر ڈالر منتقل ہونے کی خوشخبری سنائی ، ان کا کہنا تھا کہ چین سے2ارب30 کروڑڈالراسٹیٹ بینک کے اکاونٹ میں منتقل ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ چین سے دیا گیا قرضہ کمرشل ہوگا، قرض کیلئے چینی بینکوں کے کنسورشمیم کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا، اس قرض سے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا ، اس حوالے سے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ رقم فراہم کرنے پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں ، پاکستان کی جانب سے قرض کی سہولت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے، رقم کیلئے سہولت فراہم کرنے پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں۔مزید برآں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو آئی ایم ایف سے بیل آوٹ پیکیج میں ایک سال کی توسیع ملنے کی توقع ہے، انہوں نے غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی رقم بڑھنے کا امکان ہے جب کہ آئی ایم ایف سے بنیا دی طور پر بجٹ اور مالیاتی اقدامات پر اتفاق ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں