علیم خان پھر لندن پہنچ گئے، نوازشریف سے 2 گھنٹے کی طویل ملاقات

لندن(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنماء علیم خان ایک بار پھر لندن پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے 2 گھنٹے تک طویل ملاقات کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق منحرف پی ٹی آئی رہنماء اور رکن پنجاب اسمبلی علیم خان نے لندن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی ہے ، نواز شریف اور علیم خان کے درمیان یہ ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منحرف پی ٹی آئی رہنماء علیم خان نے کہا کہ ابھی سیاسی گفتگو نہیں کرسکتا اور ملک کے حالات بہتر ہوں گے۔

واضح رہے کہ ایک وقت تھا جب علیم خان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بہت قریب ہوا کرتے تھے تاہم اب ان کی راہیں جدا ہو چکی ہیں جس کے بعد سے علیم خان کی مسلم لیگ ن کے ساتھ قربتیں بڑھ رہی ہیں ۔جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین اور علیم خان سے دوریاں پیدا ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کا مسئلہ چینی بحران پر تھا، جس پر کمیشن بھی بنایا،علیم خان راوی پر 300 ایکڑ زمین خرید کر لیگل کرانا چاہتے تھے، علیم خان مجھ سے توقع کرتے تھے کہ میں ان کی زمین کو لیگل کرا دوں،وہاں سے علیم خان اور میرے درمیان دوریاں پیدا ہوئیں ۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے اس بیان پر علیم خان نے اپنے جوابی ردِعمل میں کہا کہ عمران خان کا انٹرویو دیکھا،انہوں نے الزام عائد کیا کہ علیم خان 300 ایکڑ زمین لیگلائز کروانا چاہتا تھا ، مجھ پر الزام لگائیں گے تو چپ نہیں بیٹھوں گا ، ہم بھی حقائق بتائیں گے ، میں 2010 سے 2018 تک اپوزیشن میں عمران خان کے ساتھ کھڑا رہا ، یہ سوسائٹی 2010 میں بھی میرے پاس تھی اور 2010 سے آج تک یہ سوسائٹی میرے پاس موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان میرے والد کی وفات پر اسی سوسائٹی میں آئے تھے ، کیا دس سال پہلے مجھے پتہ چل گیا تھا کہ عمران خان 2018ءمیں وزیراعظم بنیں گے؟ میرے پاس 300 ایکڑ نہیں بلکہ 3 ہزار ایکڑ زمین ہے ، یہ الزامات جھوٹ ہیں، حقائق کو مسخ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں