صدر گورنر سمیت پوری پی ٹی آئی بیمار پڑجائے تب بھی حمزہ شہباز حلف ضرور لیں گے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صدراور گورنر سمیت پوری پی ٹی آئی بیمار پڑجائے تب بھی حمزہ شہباز حلف ضرور لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان ، ان کے صدر عارف علوی اور گورنر پنجاب سمیت تمام آئین شکن ٹولے کو آرٹیکل 6 کی سزا ملنی چاہیے تاہم اگر صدر، گورنر اورپوری پی ٹی آئی بیمار پڑجائے تب بھی حمزہ شہباز حلف ضرور لیں گے ، آپ بیمار ذہن، غیر جمہوری اور فسطائی شخص ہیں، آپ کا سیاہ دور رات کی سیاہی کی طرح مٹ رہا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالتوں کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ رات کو عدالتں کیوں کھلیں، عمران خان کا بنایا گیا صدر پاکستان پنجاب میں آئین شکنی کر رہا ہے اس لیے رات کو عدالتیں کھلتی ہیں ، عمران خان فسطائیت اور آئین شکنی چھوڑیں ، پارلیمان کے اغوا کار نہ بنیں، آئین، جمہوریت اور پارلیمان کو یرغمال بناتے ہیں اور پھر کہتے ہیں عدالتیں کیوں کھلتی ہیں؟ پوری قوم عارف علوی کی آئین شکنی دیکھ رہی ہے، عدالتیں کھلیں تو عمران خان سازش کے جھوٹ بولنے لگیں گے، عدالتوں پر بھی الزام لگانے لگیں گے۔

دوسری طرف گورنرپنجاب عمر چیمہ کی وزیراعلی کے انتخاب کے حوالے سے تحفظات پر مبنی رپورٹ صدر مملکت عارف علوی کو موصول ہوگئی ہے۔ گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو چھ صفحات پر مبنی رپورٹ ارسال کی ہے جس میں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں وزیراعلی کے انتخاب کی آئینی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے۔ گورنر پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کا انتخاب آئین اور قانون کے مطابق نہیں ہوا، انتخاب کی ووٹنگ کا ریکارڈ ٹیمپرڈ ہے، پولیس کو خلاف رولز ایوان میں داخل کیا گیا، ارکان اسمبلی کوووٹ دینے سے روکا گیا، ووٹنگ آئین کے سیکینڈ شیڈول کے منافی طریقہ کار اختیار کرکے کروائی گئی، ووٹنگ میں سیکنڈ شیڈو ل کو نظر انداز کیا گیا، رولز 21 رولز آف بزنس کے مطابق اسپیکر نے نتائج سے آگاہ کرنا ہوتا ہے، گورنر کا وزیراعلی کے انتخابی عمل سے مطمئن ہونا ضروری ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں