لاہور میں فوجی افسر پر تشدد کا معاملہ،لیگی رہنمائوں سلمان رفیق اور حافظ نعمان کو گارڈز سمیت گرفتار کر لیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور میں فوجی افسر پر تشدد کا معاملہ، سلمان رفیق اور حافظ نعمان کو گارڈز سمیت گرفتار کر لیا گیا، لیگی رہنماوں کے گارڈز نے سڑک پر رش کے دوران راستہ نہ ملنے پر پاک فوج کے افسر کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پاک فوج کے افسر پر تشدد کے واقعے میں ن لیگ کے رہنماؤں سلمان رفیق اور حافظ نعمان کو نامزد کر کے گرفتار کر لیا گیا۔اے آر وائی نیوز کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والے فوجی افسر نے مقدمہ کے اندراج کیلئے دی گئی درخواست میں ن لیگی رہنماؤں کو بھی نامزد کیا۔ مدعی نے درخواست میں لکھا کہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان کی ایما پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا حافظ نعمان اور سلمان رفیق ساتھ والی گاڑی میں تھے ملزمان کی ایما کے بغیر ملازمین تشدد نہیں کرسکتے۔

بعد ازاں سلمان رفیق اور حافظ نعمان خود تھانے پیش ہوئے جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔اس سے قبل پولیس نے دونوں لیگی رہنماوں کے گارڈز کو بھی گرفتار کرلیا۔قائمقام سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شہزادہ سلطان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ شام کلمہ چوک کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سیاسی جماعت کے رہنما کے پرائیویٹ گارڈز نے حساس ادارے کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔قائمقام سی سی پی او شہزادہ سلطان نے بتایا کہ راستہ نہ دینے پر پرائیویٹ گارڈز نے حساس ادارے کے افسر کو تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا اور گاڑی قبضہ میں لے لی۔پولیس افسر نے مزید بتایا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے میرٹ پر تفتیش کی جا رہی ہے اور مقدمہ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی حساس ادارے کے افسر کو تشدد کا نشانہ بنانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں