ہم امریکا کے ساتھ اہم تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں،وزیراعظم آفس کا اعلامیہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے ذمہ داریاں سنبھالنے پر وائٹ ہاؤس کے بیان کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔اعلامیے میں وزیراعظم آفس نے کہا ہے کہ پاکستان سے امریکا کے طویل مدتی تعلقات کی تجدید نو کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ہماری نئی حکومت امریکا کے ساتھ تعمیری اور مثبت روابط کا فروغ چاہتی ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ خطے میں امن ، سیکیورٹی اور ترقی کے فروغ کے لیے امریکا کے ساتھ مثبت روابط کو فرغ دینا چاہتے ہیں، ہم امریکا کے ساتھ اہم تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو مساوات کے اصول ، باہمی مفادات پر مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے طویل عرصہ سے جاری تعاون کی قدر کرتا ہے اور اس کی نظر میں ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے ۔یہ بات وائٹ ہائوس کی ترجمان جین ساکی نے محمد شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد کہی۔انہوں نے یومیہ نیوز کانفرنس کے دوران پاکستان کی سیاسی صورتحال پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے طویل تعاون کی قدر کرتے ہیں اور ہم نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل سمجھا ہے ، اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہاں کون سی قیادت ہے ۔ امریکی ترجمان نے صدر جو بائیڈن کی طرف سے پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو فون کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ اس وقت اس حوالے سے کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی حکومت کے انتخاب کے بعد سے صورتحال کا معمول کے مطابق جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ پاکستان کے ساتھ ہمارے طویل ، مظبوط اور پائیدار تعلقات ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ سلامتی کے حوالہ سے بھی اہم تعلقات ہیں جو نئی حکومت کے دور میں بھی جاری رہیں گے۔واضح رہے کہ جنوری 2021 میں حلف اٹھانے والے امریکی صدر نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو کوئی فون کال نہیں کی۔

متعلقہ خبریں