حکومتی اتحادیوں کے بغیر بھی تحریک عدم اعتماد کے نمبر پورے ہیں،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد سے ق لیگ کاتعلق نہیں،حکومتی اتحادیوں کے بغیر بھی نمبر پورے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ق لیگ، ایم کیو ایم سمیت دیگر اتحادیوں کے بغیر بھی ہوجائے گی۔ق لیگ کے اپنے فیصلے ہیں ،عدم اعتماد سے ان کا تعلق نہیں ۔عدم اعتماد پر ہمارے نمبر اتحادیوں کے بغیر بھی پورے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر آج پیپلزپارٹی سمیت سب جماعتیں متحد ہیں۔عدم اعتماد پر جن لوگوں کا ہمارے ساتھ رابطہ ہے وہ پراعتماد ہیں۔

ایمپائر کو غیر جانبدار رہنا چاہئیے۔مولانا فضل الرحمان کی جانب سے 48 گھنٹے میں تحریک عدم اعتماد لانے کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 48 گھنٹے میں ریکوزیشن چلی جائے گی۔ریکوزیشن عدم اعتماد کی تحریک کے لیے اجلاس سے متعلق جمع کروائی جائے گی۔ عمران خان کے جانے کے بعد حکومت بنانے سے متعلق محمد زبیر کی بات کا ان کوہی بہتر علم ہوگا۔میری رائے میں عمران خان کے جانے کے بعد حکومت بننی ہی نہیں چاہئیے۔ حکومت ناکام ہوچکی ہے ،جن کو مشکل وقت سے نمٹنے کا تجربہ ہے ان کو آنے دیں ۔جلد بازی میں ریلیف پیکج کا آخر کار عوام کو ہی نتیجہ بھگتنا پڑتا ہے۔پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر بوجھ پڑ گیا ،کل ان لوگوں نے عوام میں بھی جانا ہے ۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریکِ عدم اعتماد کے لیے ق لیگ کو دعوت دی ہے، ق لیگ کے 5 اراکین ہیں، تحریک عدم اعتماد چودھری برادران کے بغیر بھی کامیاب ہوگی، ق لیگ نے فیصلہ کرنا ہے اقتدار کے ساتھ رہنا ہے یا عوام کے ساتھ۔

متعلقہ خبریں