سابق ایم پی اے اور دیگر لیگی رہنمائوں کا ق لیگ میں شمولیت کا اعلان

لاہور( نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے شیخ یعقوب اور دیگر رہنماؤں نے ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے ن لیگ اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی۔ملاقات میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔اس موقع پر پرویز الہیٰ نے پارٹی میں آنے والوں کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جمہوریت کے فروغ اور غریبوں کی بھلائی کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرے۔اس وقت ملک کو کسی سیاسی بحران کی طرف لے جانے کا کوئی بھی متحمل نہیں ہو سکتا۔عوام کو ریلیف دینے کا عملی طور پر سب کو مظاہرہ کرنا ہو گا۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ملکی سیاسی صورتحال پر پوری طرح نظر ہے،ابھی سیاسی منظر نامہ آبر آلود ہے۔سیاسی منظر نامہ واضح ہو گا تو ہمارا لائحہ عمل بھی سامنے آ جائے گا۔سیاست کا حق یہی ہے کہ سب سے پہلے عوامی ایشوز کو حل کیا جائے۔عوام خوش حال ہو گی تو ملک خوش حال ہو گا۔معیشت کی بہتری کے لیے سب کو مل کر اپنا اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور گجرات میں (ن)لیگ کے مرکزی رہنما الحاج امجد فاروق پاکستان مسلم لیگ (ق)میں شامل ہوئے تھے ۔الحاج امجد فاروق نے قائمقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالہی، چودھری وجاہت حسین اور وفاقی وزیر مونس الہی کی موجودگی میں مسلم لیگ قائداعظم میں شمولیت کااعلان کیا۔

چودھری پرویزالہی نے کہا کہ بد قسمتی سے شہباز شریف نے ہیلتھ سیکٹرکو تباہ کر کے رکھ دیا، نیت صاف ہو تو رب کی مدد بھی حاصل ہوتی ہے اور مشکلات بھی کم ہوتی ہیں، گجرات میں 1122 کے مزید سٹیشن بنائے جارہے ہیں اور عوام کی بھلائی کے کام کر کے ہی لوگوں کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحاج امجد فاروق کا ذاتی گھر گجرات میں (ن)لیگ کا گڑھ سمجھاجاتا ہے، ہمارے پراجیکٹ اتنے پاور فل تھے کہ کوئی انہیں روک نہیں سکا، ہمارے دور میں ہیلتھ کارڈ کی ضرورت نہیں تھی، ہسپتالوں میں ادویات اور علاج بالکل فری تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق)ختم ہو، اب ان لوگوں کو ہم نے ہی مشکل میں ڈالا ہوا ہے،عمران خان ایماندار اور نیک نیت ہیں، وہ ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں، حکومت کو مشکلات کا سامنا ضرور ہے، جنہیں مل کر حل کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں