پشاور ایئرپورٹ سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

پشاور (نیوز ڈیسک)صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹس سکیورٹی فورس کی جانب سے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمل میں لائی گئی کارروائی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ، 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ اے ایس ایف نے دبئی جانے والے مسافروں سے 9.9 کلو گرام سونابرآمد کیا ، مسافر مسمات سہیلہ الکوزے اور مسافر حواد خالدی یہ سونا 2 بیگوں میں لے جا رہے تھے تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تلاشی کے دوران مذکورہ سونا برآمد کیا ، سونے کی مالیت لگ بھگ 10 کروڑ 76 لاکھ پاکستانی روپے بتائی گئی ہے ، ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید کارروائی کے لئے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پرسول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے بڑی کاررروائی کرتے ہوئے 20 تولے سونا اور 10 قیمتی موبائل فونز برآمد کیے تھے ، دبئی سے پشاور آنیوالی پی آئی اے کی پروازپی کے 284 پہنچی تو ائیرپورٹ سروسز کا آفیسر معمول کی انسپیکشن پر تھا کہ اس دوران عملے کو ایئر پورٹ کے بیت الخلا میں موبائل فونز پڑے ہوئے ملے۔ذرائع کے مطابق سی اے اے عملے نے موبائل فونز ڈیوٹی ٹرمینل آفیسر کے پاس جمع کرائے ، جس کے بعد ڈی ٹی ایم نے کسٹمز کو بھی طلب کرلیا ، کسٹمز کی موجودگی میں موبائل فونز کھولے گئے تو اس میں سے سونے کی ٹکیاں برآمد ہوئیں ، جن کا وزن کیا گیا تو مجموعی طور پر20 تولہ سونا برآمد ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ پشاور کے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر سونے اور موبائل فونز کو اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جس کو ناکام بنادیا گیا جب کہ کسٹمز حکام نے موبائل اور سونے ٹکیاں کو اپنی تحویل میں لیکر مسافر کی تلاش شروع کردی گئی۔

متعلقہ خبریں