نوازشریف کے واپس آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،سینئرصحافی کا دعویٰ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف کو 2 اسلامی ممالک کی سپورٹ حاصل ہے، جو ان کی واپسی کی کوششیں کر رہے ہیں۔اسی معاملے پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے سینئر صحافی ہارون الرشید نے کہا ہے کہ نوازشریف کے واپس آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،تاہم بحرین اور قطر بڑی کوششیں کر رہے ہیں۔ایسے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے کہ عمران خان جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری نے ن لیگ کے جن چار آدمیوں کی بات کی مجھے نہیں پتہ وہ کون ہیں، سیاسی دباؤ کے لیے بیان بازی ہوتی ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن میں 4 ارکان ایسے ہیں جو اپنے آپ کو شریف خاندان سے زیادہ اہل سمجھتے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو یہ خوش آئند بات ہے کہ نون لیگ میں چار ارکان ایسے بھی ہیں جو اپنے آپ کو شریف خاندان سے زیادہ اہل اور قیادت کرنے کا حقدار سمجھنے کی جرائت رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے ن لیگی ارکان کو مشورہ دیا کہ اِس عزم کا اظہار اُنہیں بند کمروں میں نہیں بلکہ کھلے عام کرنا چاہیے ، ساری عمر کیا ڈرتے ہی گزار دیں گے؟
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے خود کو وزیراعظم عمران خان کے لیے ڈراؤنا خواب قرار دے دیا ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ میں عمران نیازی کو رات کو ڈراؤنے خواب کی طرح آتا ہوں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ساڑھے تین سال صرف مہنگائی میں اضافہ کیا ہے، پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا گیا ہے ، حکومتی نااہلی اور ظالمانہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے ، ملکی تاریخ کی سب سے زيادہ مہنگائی اس وقت ہے ، یہ عمران خان نیازی اور ان کی حکومت کی بدترین غفلت اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔

متعلقہ خبریں