اداروں کی مداخلت سے ریاست کمزور ہوتی ہے، فضل الرحمٰن

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اداروں کی مداخلت سے ریاست کمزور ہوتی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب اہمیت کا حامل ہے، اس معاملے کو فوری عدالت لے جانا باعثِ تشویش ہے۔صدر پی ڈی ایم نے کہا: ’اتحادی جماعتوں نے اس حوالے سے آئینی اور قانونی ماہرین کو ہدایات جاری کی ہیں، دستور سازی اور دستور کی بقا کے لیے جدوجہد ہمیں ورثے میں ملی ہے، انصاف کے تقاضوں کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے‘۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں عام آدمی بھی تعجب میں ہے، کسی بھی سیاسی جماعت کا قائد پارلیمانی پارٹی کا بھی سربراہ ہوتا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ کیس کی سماعت کے لیے فل کورٹ بننچ کی تشکیل کی استدعا کرتے ہیں، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے فل کورٹ بینچ کی تشکیل ضروری ہے۔واضح رہے کہ پنجاب کابینہ نے حلف اٹھالیا ہے،گورنرپنجاب بلیغ الرحمان نے صوبائی وزرا سے حلف لیا۔صوبائی کابینہ کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی۔حلف اٹھانے والوں میں رانا محمد اقبال، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، مہراعجاز شامل ہیں۔ ملک ندیم کامران، رانا مشہود، حسن مرتضٰی، علی حیدر گیلانی ، خلیل طاہر سندھو، ثانیہ عاشق، عظمٰی بخاری اور اسد کھوکھر بھی حلف اٹھانے والے وزرا میں شامل ہیں۔ان کے علاوہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، جہانگیرخانزادہ، بلال اصغروڑائچ اور فدا حسین وٹو نے بھی حلف اٹھایا ہے۔یاد رہے کہ حمزہ شہباز 22 جولائی کو پنجاب اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں ڈیڑھ ماہ کے دوران دوسری بار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے۔تاہم ان کے مخالف امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا جس پر گزشتہ روز سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پیر تک ٹرسٹی وزیراعلیٰ رہنے کا حکم نامہ جاری کیا۔

متعلقہ خبریں