وکلا، ڈاکٹرز، انجینئرز، ریٹائرڈ افسران اس مہم میں شامل ہوگئے ہیں،کس کس کو گرفتار کرو گے؟شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں کو روکا تو چوک چوراہا سری نگر ہائی وے بنے گا ، کل ہم کارکنوں سمیت اسلام آباد پہنچیں گے ، ہماری پالیسی پر امن احتجاج ہے، ہم اسلام آباد کوفتح نہیں کرنے جارہے بلکہ احتجاج ہمارا آئینی حق ہے . تفصیلات کے مطابق میدیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ انتخابات کرائے جائیں لیکن گزشتہ رات پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے حالاں کہ جب بلاول بھٹو نے مارچ کیا ہماری حکومت نے کہیں کوئی کنٹینر کھڑا نہیں کیا لیکن رات پولیس نے خواتین کو ہراساں کیا ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اگر یہ صورتحال رہی تو ہر شہر ہر چوراہا سری نگر ہائی وے بنے گا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پنجاب میں یونین کونسل کی سطح پر چھاپے مارے گئے ہیں ، وکلا، ڈاکٹرز، انجینئیرز، ریٹائرڈ آفسران اس مہم میں شامل ہوگئے ہیں ، آپ کس کس کو گرفتار کریں گے؟ ہم اپنے مارچ کو جاری کریں گے اور ان کو ناکامی کا سامنا ہوگا کیوں کہ کارکن کسی بھی رکاوٹ کے باعث اسلام آباد نہ پہنچ سکے تو موجودہ جگہ سری نگرہائی وے بنے گا ۔دوسری جانب عدالت نے پولیس کو پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روک دیا ، پولیس کو پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے ، اس حوالے سے عدالت نے آئی جی اسلام آباد ، چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقینی بنائیں کہ غیر ضروری طور پر کسی کو ہراساں نہ کیا جائے ۔خیال رہے کہ تحریک انصاف کا اسلام آباد مارچ روکنے کیلئے پنجاب میں پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے ، پنجاب پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کیلئے فہرستیں تیار کی گئی ہیں جس کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کے کئی مقامی رہنما اور کارکنان گرفتار کر لیے گئے ، پنجاب پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سینئر رہنماوں کی گرفتاریوں کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں