آرمی چیف نے وزیر اعظم شہباز شریف کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آرمی چیف نے وزیر اعظم شہباز شریف کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کی، شاہد خاقان عباسی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی عدم شرکت کی تصدیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کی شب کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھالیا۔ پیر کو ایوان صدر میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بطور قائمقام صدر نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا ۔تقریب میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت اتحادیوں جماعتوں کے اراکین اور نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز بھی شریک تھیں۔ تقریب میں اعلٰی عسکری قیادت نے بھی شرکت کی، تاہم پاک فوج کے سپہ سالار قمر جاوید باجوہ تقریب میں نظر نہ آئے۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے وابستہ اینکر وسیم بادامی کی جانب سے سوال کیے جانے پر سابق وزیر اعظم اور سینئر لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے تصدیق کی کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کی، تاہم پاک فوج کے دیگر سینئر افسران تقریب میں موجود تھے۔ قبل ازیں شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حیثیت سے 174 ووٹ سے پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے جس کے بعد سیکرٹری قومی اسمبلی نے شہباز شریف کا وزیراعظم کی حیثیت سے نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔شہباز شریف کے انتخاب کے بعد ایوان صدر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی علیل ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں چند دنوں کیلئے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اسی باعث صدر مملکت کی بجائے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان صدر میں بطور قائمقام صدر نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا۔

متعلقہ خبریں