وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد مسترد ہونے پر مریم نواز کا رد عمل سامنے آگیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قراردار مسترد ہونے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا ردِ عمل آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اپنی کرسی کو بچانے کی خاطر آئینِ پاکستان کا حلیہ بگاڑنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جانی چاہیے ، اس جرم پر اگر اس پاگل اور جنونی شخص کو سزا نہ دی گئی تو آج کے بعد اس ملک میں جنگل کا قانون چلے گا۔دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے غیرآئینی کام کیا ، سپریم کورٹ جارہے ہیں ، جب تک ہماراآئینی حق نہیں دیا جائے گا ، ہم دھرنا دیں گے کیوں کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے آج غیر آئینی کام کیا ہے اور پاکستان کے آئین کو توڑنے کی سزا واضح ہے ، عدم اعتماد آج ہی ہونی ہے اس لیے متحدہ اپوزیشن نے فیصلہ کیاہے کہ قومی اسمبلی میں دھرنا دیں گے ، وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد آ چکی ہے وہ اسمبلی تحلیل نہیں کر سکتے ، ہم اپنے وکلاکے ذریعے سپریم کورٹ جارہے ہیں ۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو انتشار کی طرف دھکیل دیا ، یہ کسی غداری سے کم نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ نیازی اور اس کے ساتھیوں کو اسکوٹ فری نہیں جانے دیا جائے گا ، آئین کی صریح اور ڈھٹائی سے خلاف ورزی کے نتائج برآمد ہوں گے ، امید ہے سپریم کورٹ آئین کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی کیوں کہ یہ کسی بڑی غداری سے کم نہیں ہے ، عمران خان نے ملک کو انتشار کی طرف دھکیل دیا ہے۔

متعلقہ خبریں