آج جو کچھ ہوا ادارے کا اس سے کوئی تعلق نہیں،موجودہ صورتحال پر ترجمان پاک فوج کا ردعمل

راولپنڈی (نیوز ڈیسک)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ آج جو ہوا فوج کے ادارے کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہم نیوز کے مطابق غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ فوج کو آج کے اقدامات سے جوڑ رہے ہیں وہ جھوٹ بول رہے ہیں ، آج جو کچھ ہوا وہ خالصتاً سیاسی عمل تھا ، ان اقدامات سے نہ تو ادارے کا کوئی عمل دخل ہے نہ ہی کوئی تعلق ہے۔جب ڈی جی آئی ایس پی آر سے آج کے اقدامات میں فوج کی رضا مندی سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے ’ایبسولوٹلی ناٹ‘ کہتے ہوئے جواب دیا کہ آج کے اقدامات میں فوج کی رضا مندی شامل ہونے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلوں کو ریاستی اداروں کی تائید حاصل ہے ، غیر ملکی مداخلت پر پاکستان کی سالمیت کا سوال پید اہو جائے تو سب متحد ہیں ، نئے انتخابات کے لیے آصف زرداری کے علاوہ سب تیار ہیں اور میری معلومات کے مطابق ریاستی ادارے بھی انتخابات چاہتے ہیں ، وزیر اعظم نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے اور لڑائی گلی محلے تک پہنچ چکی ہے ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کی اسمبلیاں بھی پیر کو توڑ دینی چاہئیں۔

متعلقہ خبریں