پاکستان نے 27 میں سے 26 شرائط پوری کرلیں، اس سال جون تک گرے لسٹ میں رہے گا، فیٹف

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے نگراں ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) نے حالیہ اجلاس میں بھی پاکستان کو 27میں سے26شرائط پوری کرنے کے بعد بھی آئندہ اجلاس تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف کے اعلامیہ کےمطابق پاکستان نے 27 میں سے 26شرائط پوری کرلی ہیں۔پاکستان نے اقوام متحدہ کے نامزد دہشتگرد گروپوں اور افراد کے خلاف سخت پابندیاں عائد کیں۔ پاکستان نے دہشتگردی کی فنانسنگ روکنے کیلئے خاطر خواہ پیشرفت کی ہے۔ پاکستان نے جرائم سے حاصل رقوم کا پھیلاو روکنے اور قبضے میں لینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اعلامیہ کے مطابق،پاکستان کو منی لانڈرنگ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔

رئیل اسٹیٹ کے ذریعے منی لانڈرنگ کی روک تھام کرنا ہوگی۔ پاکستان کو دونوں ایکشن پلانز میں سے ہر ایک پر عمل کرنا ہو گا جس سے گرے لسٹ سے نکلنے کی راہ ہموار ہوگی۔اعلیٰ سرکاری ذرائع نے جمعہ کی شب دی نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی اور کہا کہ اب اسلام آباد کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت نامزد سینئر رہنماؤں کے خلاف تحقیقات اور قانونی چارہ جوئی کی طرف تیزی سے آگے بڑھنا ہو گا۔ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 4 دن تک پیرس میں جاری رہا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب پاکستانی حکام نےزور دے کر کہاکہ بیک وقت دو مختلف ایکشن پلان پر عمل کرنا غیر معمولی ہے ۔پاکستان کے دفتر خارجہ نے موقف اختیار کیا کہ 2018 سے تمام تکنیکی بنیادوں پر پیشرفت کے عزم کے باوجود اسلام آباد کو گرے لسٹ میں رکھنے کی صرف سیاسی وجوہات ہوسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں