سعودی عرب نے ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی پیشکش کر دی

ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی خواہش ظاہر کردی ‘ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا نیا دور شروع کرنا چاہتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے ، اس حوالے سے سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب ایران کے ساتھ مذاکرات کے پانچویں دور کا شیڈول طے کرنا چاہتا ہے تاہم ایران کو بھی موجودہ بنیادی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ خواہش کا اظہار کرنا ہو گا اور ہم امید کرتے ہیں کہ نئے طریقہ کار کی تلاش کے لیے سنجیدہ کوشش کی جائے گی ۔قبل ازیں سعودی عرب کی جانب سے ایران کے 3 سفارت کاروں کو ویزا جاری کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی ، سفارت کار جدہ میں اسلامی کانفرنس تنظیم کے صدر دفتر میں کام کریں گے ، سعودیہ کا یہ اقدام دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بہتری کی کوششوں میں اہم پیش رفت قرار دے دیا گیا ۔

العربیہ نیوز کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے ایران کے 3 سفارت کاروں کو ویزے دینے پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے، سعودی عرب نے یہ منظوری ایک ہفتہ قبل دی ہے ، ویزے ملنے کے بعد یہ سفارت کار جدہ میں اسلامی کانفرنس تنظیم کے صدر دفتر میں کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں سعودی عرب کے ساتھ بات چیت آسان بنانے کے لیے عراق کی کوششوں پر شکریہ ادا کرتا ہوں، سعودی عرب اور ایران کے مابین بات چیت کا اگلا دور جلد ہی عراق کے دارالحکومت بغداد میں منعقد ہو گا ، ہم ایران اور سعودی عرب کے سفارت خانوں کے درمیان کمیٹیوں کے تبادلے ، سفارت خانوں کے دوبارہ کھولے جانے کی راہ ہموار کرنے اور دونوں ملکوں کے تعلقات کی بحالی کے لیے تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں