آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز نے ملک میں تیل بحران کا امکان ظاہر کر دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا طریقہ کار غیر پائیدار قرار دیتے ہوئے ملک میں تیل بحران کا امکان ظاہر کر دیا۔اوگر اور پٹرولیم ڈویژن کے درمیان ہونے والے اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز نے کہا کہ مہنگی پٹرولیم مصنوعات خرید کر سستی کیسے دیں؟ مہنگے اور سستے کے بیچ کا فرق کب اور کون دے گا؟ کوئی گارنٹی تو دی جائے۔رپورٹ میں مزید بتایا کہ سیکرٹری پٹرولیم نے کہا کہ آئل مارکیٹمنگ کمپنیاں اور ریفارئنریز قیمتوں کا فرق برداشت کر لیں بعد میں ادائیگی کر دیں گے، حکومت پرائس ایڈجسمنٹ میکانزم تیار کر رہی ہے۔

قبل ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کے معاملے پر تیل کمپنیوں اور ریفائنریز نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں پٹرول سستا کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزیر اعظم کے اعلان پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا تھا۔بق وفاقی وزارت خزانہ نے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 10 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد فی لیٹر قیمت 149 روپے 86 پیسے ہو گئی۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 روپے کمی کی گئی، جس سے فی لیٹر قیمت 144 روپے 15 پیسے ہو گئی۔مٹی کا تیل 1 روپے کمی سے 125 روپے 56 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 66 پیسے کمی سے 118 روپے 31 پیسے کا ہو گیا۔ پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قوم سے اہم خطاب کیا گیا۔ قومی میڈیا پر نشر ہونے والے خطاب میں وزیر اعظم نے قوم کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قوم سے کہنا چاہتا ہوں مجھے پتا ہے یہ مشکل حالات ہیں، کبھی پلوامہ، کبھی کورونا اور اب یوکرین کا مسئلہ آگیا۔حکومت ہرماہ 70 ارب کی سبسڈی دیتی ہے، اگر ہم سبسڈی نہ دیں تو پٹرول کی قیمت 220 روپے تک ہو جائے گی۔ پاکستان میں آج بھی پٹرول، ڈیزل دنیا کے 25 ممالک کی نسبت کم قیمت ہے،بھارت میں 260 روپے لیٹر پٹرول ہے۔ اپوزیشن والے کہتے ہیں پٹرول مہنگا ہوگیا اگر ان کے پاس کوئی حل ہے تو بتا دیں۔ وزیر اعظم نےاعلان کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگلے بجٹ تک پٹرولیم مصنوعات اوربجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں