گلوکار عمر ندیم کا گانا چوری کرنے کے الزام پر بھارتی گلوکار سونو نگم نے معافی مانگ لی

پاکستانی گلوکار عمر ندیم کی جانب سے 2009 میں ریلیز ہونے والا گانا کاپی کرنے کے الزام پر معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے معافی معذرت کر لی۔

4 دسمبر کو گلوکار اور نغمہ نگار عمر ندیم نے بھارتی گلوکار سونو نگم پر اپنا گانا ’اے خدا‘ کاپی کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر عمر ندیم نے ٹی سیریز کی جانب سے ریلیز کیے گئے سونو نگم کے نئے گانے’سن زرا’ اور اپنے 2009ء میں ریلیز ہونے والے گانے’اے خدا’ دونوں گانوں کے ویڈیو کلپس شیئر کیے تھے۔

اُنہوں نے یہ ویڈیو کلپس شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میں اپنی زندگی کے ایک ایسے موڑ پر پہنچ گیا ہوں جہاں مجھے ایسی چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ وہ سونو نگم کے خود بہت بڑے مداح ہیں لیکن ’ اگر آپ کسی گانے کو کاپی کرنے جا رہے ہیں تو کم سے کم اصل گانے کو اس کا کریڈٹ تو دیں’۔

سونو نگم کا گانا ’سُن زرا‘ 2 دسمبر 2023 کو ٹی سیریز کی جانب سے یوٹیوب پر جاری کیا گیا تھا جسے اب تک 3 کروڑ 10 لاکھ سے مرتبہ سنا جاچکا ہے جبکہ عمر ندیم کے اوریجنل گانے کی یوٹیوب ویڈیو پر 5 لاکھ 37 ہزار ویوز ہیں۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے عمر ندیم نے کہا تھا کہ ’اگر گانے کو تھوڑا سا کریڈٹ دے دیا جائے تو کسی کا بُرا نہیں ہوگا، بلکہ یہ محبت اور احترام کی بات ہے۔‘

اس گانے کے بارے میں یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب یہ ٹریک 2009 میں ریلیز ہوا تھا تو یہ گانا نہ صرف پاکستانی شائقین بلکہ سرحد پار کے مداحوں میں بھی کافی مقبول ہوا تھا۔

عمر ندیم کی جانب سے سوشل میڈیا پر گانا کاپی کرنے کے الزام کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی گلوکار پر شدید تنقید کی تھی، اداکارہ ارمینہ خان نے بھی سونو نگم کو ٹیک کرتے ہوئے سوال پوچھا تھا کہ آپ گانا چوری کیوں کررہے ہیں؟

تاہم اب سونو نگم نے معافی مانگتےہوئے گلوکار عمر ندیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے عمر ندیم کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے مجھ سے اچھا گانا تھا، معذرت، میں نے آپ کا گانا نہیں سنا تھا، اب سنا ہے، کیا بہترین گانا ہے اور آپ نے یقیناً مجھ سے اچھا گایا ہے۔‘

انہوں نے عمر ندیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’انشااللہ اس سے آپ کو مزید عزت ملے گی، بہت ساری دعائیں‘۔

بھارتی گلوکار کے کمنٹ پر عمر ندیم نے لکھا کہ ’آپ کی طرف سے یہ ردعمل آنا میری لیے بہت بڑی بات ہے، آپ سے زیادہ سُریلا اور ورسٹائل گلوکار اس وقت دنیا میں شاید کوئی اور نہیں ہوگا۔‘

یہ پہلی بار نہیں کہ کسی بھارتی گلوکار نے پاکستانی گلوکار کی دھن اور ویڈیو سانگ کاپی کیا ہو، اس سے قبل رواں سال بھارتی گلوکار جوبن نوتیال نے طاہر شاہ کا گانا ’آئی ٹو آئی‘ کاپی کیا تھا، جس کے بعد گلوکار سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے۔

جوبن نوتیال نے کئی پاکستانی گانوں کے ریمیک بنا کر شہرت حاصل کی جن میں بول کفارہ کیا ہوگا’ شامل ہے جس میں انہوں نے گلوکارہ نیہا کاکڑ کے ساتھ پاکستانی گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کے گانے ’دولہے کا سہرا سہانا لگتا ہے‘ کے بول بھی شامل کیے۔

اس کے علاوہ جوبن نوتیال نے استاد نصرت فتح علی خان کی شاعری ’دل غلطی کر بیٹھا ہے‘ کاپی کرکے 25 ستمبر 2021کو ہی ریلیز کیا تھا۔

متعلقہ خبریں