مری میں ہوٹل انتظامیہ نے رات کا کرایہ 20 ہزار روپے ایڈوانس میں وصول کیا،فضاء علی

مری (نیوز ڈیسک ) مری میں ہوٹل انتظامیہ نے رات کا کرایہ 20 ہزار روپے ایڈوانس میں وصول کیا، ہوٹل میں پانی ہی دستیاب نہیں تھا، مری میں زیادہ تر ہوٹلوں کا کاروبار سیاستدانوں کا ہے، مری کے ہوٹلوں کے حوالے سے اداکارہ فضاء علی کے انکشافات۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ مری کے بعد جہاں شہریوں کی جانب سے مری کے ہوٹل مالکان کے رویے کی شکایات کی جا رہی ہیں، وہیں اس حوالے سے معروف شخصیات نے بھی انکشافات کیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق معروف اداکارہ فضاء علی کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں مری کے ایک ہوٹل میں اپنے تجربے کے حوالے سے انکشافات کیے گئے۔

جاری ویڈیو میں اداکارہ نے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے بچوں کی فرمائش پر اسلام آباد سے مری جانے کا پلان بنایا۔فضاء علی کا بتانا ہے کہ انہوں نے مری جانے سے قبل انٹرنیٹ پر دستیاب ہوٹلوں کی تفصیلات اور تصاویر دیکھیں۔تاہم وہ جب مری کے ایک ہوٹل پہنچی تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں کہ انٹرنیٹ پر جو تصویر دکھائی گئی تھیں، حقیقت میں ویسا نہیں تھا۔ اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جس ہوٹل میں بکنگ کروائی، اس کیلئے 20 ہزار روپے ایڈوانس ادائیگی کی، اس کے باوجود ہوٹل کے کمرے میں پانی نہیں آ رہا تھا۔ اس حوالے سے شکایت کرنے کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوا اور پھر 4 گھنٹے انتظار کرنے کے بعد مذکورہ ہوٹل کو چھوڑ دیا۔اس کے علاوہ اسی ہوٹل میں 3 کپ چائے کا آرڈر کیا گیا جس کا بل 2 ہزار روپے بنا دیا گیا، جبکہ چائے بھی خاص نہیں تھی۔ اپنی ویڈیو میں ادکارہ نے دعویٰ کیا کہ مری میں زیادہ تر ہوٹلوں کا کاروبار سیاستدانوں کا ہے، جو منافع کمانے کے لیے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہیں۔ جبکہ انہوں نے سانحہ مری کے موقع پر امدادی کارروائیاں کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاک فوج ہی ہے جو ہر مشکل میں عوام کی خدمت اور حفاطت کرتی ہے، پاکستانی قوم جو تھوڑی بہت محفوظ ہے، وہ پاک فوج کی وجہ سے ہی ہے۔

متعلقہ خبریں