کاپی رائٹ تنازع، امریکا میں ایپل واچ کی فروخت پر پابندی عائد

کیلیفورنیا: امریکا میں ایپل واچ کے تازہ ترین ورژن کی فروخت پر کاپی رائٹ تنازع کے سبب پابندی عائد کر دی گئی۔

ایپل واچ پر یہ پابندی میڈیکل مانیٹرنگ ٹیکنالوجی کمپنی میسِمو کی جانب سے درج کی جانے والی شکایت کے نتیجے میں عائد کی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ایپل نے اپنی نئی گھڑیوں میں بلڈ آکسیجن کے سینسر دے کر میسمو کے پیٹنٹس کو بغیر اجازت استعمال کیا ہے۔
ایپل کو امید تھی کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ ایک حکومتی ٹریبیونل کی جانب سے گھڑیوں کو برآمد کرنے پر عائد کی جانے والی اس پابندی کو ویٹو کر دے گی لیکن حکومت کی جانب سے پابندی کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

جس کا مطلب ہے کہ کمپنی امریکا میں گھڑی فروخت نہیں کر پائے گی۔ البتہ، ایمازون اور ٹارگیٹ جیسے ریٹیلرز کے پاس پہلے سے موجود اسٹاک فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔

واضح رہے ایپل کی جانب سے امریکا کی کورٹ آف اپیلز میں پابندی ہٹانے کے لیے منگل کے دن کے لیے ایمرجنسی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں