کیا آپ سب نے سرپرائز کو انجوائے کیا؟ پرویز خٹک کا مزید سرپرائزز کا عندیہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے عوام کو مزید سرپرائزز کا عندیہ دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء پرویز خٹک نے اسمبلی تحلیل ہونے اور قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد کے مسترد ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا ، جس میں انہوں نے کہا کہ کیا آپ سب نے سرپرائز کو انجوائے کیا؟ مزید سرپرائزز کے لیے بھی تیار رہیں۔ سابق وزیر دفاع نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ BehindYouSkipper کا ہیش ٹیگ بھی شیئر کیا۔ خیال رہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنی رولنگ میں کہا کہ کسی غیر ملکی طاقت کو حق نہیں کہ پاکستان کی حکومت کو سازش سے گرائے ، اس لیے تحریک عدم اعتماد آئین و قانون کی خلاف ورزی اور قواعد و ضابطے کے خلاف ہے ، عدم اعتماد کی تحریک کا آئین و قانون کے تحت ہونا ضروری ہے لہذا تحریک عدم اعتماد کی قرار داد کو مسترد کیا جاتا ہے۔

قبل ازیں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فواد چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 7 مارچ کو ایک میٹنگ ہوتی ہے اور اس کے ایک روز بعد 8 مارچ کو وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جاتی ہے جب کہ ہمارے سفیر کو 7 مارچ کو ایک میٹنگ میں طلب کیا جاتا ہے ، اس میں دوسرے ممالک کے حکام بھی بیٹھتے ہیں ، اس میں ہمار ے سفیر کو بتایا جاتا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جاری ہے ، اس وقت تک پاکستان میں بھی کسی کو پتہ نہیں تھا کہ تحریک عدم اعتماد آ رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے سفیر کو بتایا جاتا ہے کہ پاکستان سے ہمارے تعلقات کا دارومدار اس عدم اعتماد کی کامیابی پر ہے ، اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوتی ہے تو آپ کو معاف کر دیا جائے گا لیکن اگر اعتماد کامیاب نہیں ہوتی تو آپ کا اگلا راستہ بہت سخت ہو گا ، یہ غیر ملکی حکومت کی جانب سے حکومت کی تبدیلی کی بہت ہی متاثر کوشش ہے، بدقسمتی سے اس کے ساتھ ہی اتحادیوں اور ہمارے 22 لوگوں کا ضمیر جاگ جاتا ہے اور معاملات یہاں تک آ پہنچتے ہیں۔

متعلقہ خبریں