اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہی تو عمران خان اعتماد نہیں جیت سکےگا، بلاول بھٹو

کراچی (نیوز ڈیسک)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہی تو عمران خان اعتماد نہیں جیت سکےگا، وزیراعظم استعفا دے دیں تو عدم اعتماد اورلانگ مارچ کی ضرورت نہیں ہوگی، ہمارا عوامی مارچ غیرجمہوری حکومت پر جمہوری حملہ ہے، عمران خان کو ہٹانے کے بعد شفاف انتخابات نئے سیٹ اپ کی ذمہ داری ہوگی۔انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے اسلام آباد تک احتجاجی مہم چلانی ہے، 37 شہروں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے، 3 مارچ سے رحیم یار، بہاولپور سے ہوتے ہوئے ملتان پہنچیں گے، 4 مارچ کو ملتان سے روانہ ہوں گے،
5 مارچ کو ہم لاہور پہنچیں گے، 8 مارچ کو راولپنڈی سے اسلام آباد روانہ ہوں گے، وزیراعظم استعفیٰ دے دیں تو عدم اعتماد اور لانگ مارچ کی ضرورت نہیں ہوگی، پاکستان میں جمہوریت کا جنازہ نکالاگیا، معیشت کو تباہ کردیا گیا ، پاکستان کے معاشی حقوق پر ڈاکے ڈالے گئے ہیں، مہنگائی، غربت اور بےروزگاری میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، پیپلزپارٹی عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرے گی، چاہتے ہیں کہ تمام صوبوں کو ان کا حق دیا جائے، صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ سے محروم رکھا جارہا ہے، عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا ور دھوکا نکلا، حکومت اور نظام غیرجمہوری ہے، ہم جمہوری راستہ اپنائیں گے،ہمارا عوامی مارچ غیرجمہوری حکومت پر جمہوری حملہ ہے،عوام کا سلیکٹڈ وزیراعظم سے اعتماد اٹھ چکا ہے، پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے، حکومت کی نالائقی کا بوجھ عام آدمی اٹھا رہے ہیں، عدم اعتماد لا کر چاہتے ہیں کہ صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں، عمران خان کو ہٹانے کے بعد جو بھی سیٹ اپ آئےگا شفاف انتخابات اس کی ذمہ داری ہوگی،
سینیٹر تاج حیدر نے ایک رپورٹ تیار کی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح انتخابات میں دھاندلی کی گئی، ہماری نیت صاف ہے ہمارے پاس تمام مسائل کا حل موجود ہے، حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران تبدیلی کے نام پر تباہی مچائی ہے، چاہتے ہیں کہ جلد ازجلد صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں،عمران خان اب بھی دھاندلی کرنا چاہتے ہیں، پیکا آرڈیننس اورای وی ایم کا معاملہ سب کے سامنے ہے، پی ڈی ایم اور ہماری جماعت میں ایشوز پر بات چیت جاری ہے، عدم اعتماد سے متعلق تمام پارٹیوں سے بات چیت جاری ہے، اس وقت ہمارا فوکس عمران خان ہے، اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہی تو عمران خان اعتماد نہیں جیت سکےگا۔انہوں نے ایک سوال ’کیا کوئی ٹیلی فون آرہے ہیں‘ کے جواب میں کہا کہ ابھی تک ہمیں کوئی ٹیلی فون نہیں آئے، خان صاحب نے ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا ہے لیکن عدم اعتماد پر کوئی ٹیکس نہیں ہے، جس کا حق ہے انہیں وزیراعظم بننے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے پیپلزپارٹی ہر قربانی دینے کو تیار ہے، اپوزیشن کی بڑی پارٹی کو وزیراعظم کیلئے اپنا امیدوار نامزد کرنے دیں، مناسب نہیں ہوگا کہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم کے نام پرلڑیں، جمہوری طریقہ یہی ہے کہ بڑی جماعت وزیراعظم کیلئے اپنا امیدوار نامزد کرے۔

متعلقہ خبریں