شہریوں کوڈکیتی سے بچانے کے دوران صحافی جان کی بازی ہار گیا

کراچی (نیوز ڈیسک) شہر قائد کے علاقہ ناظم آباد میں فائرنگ سے نجی چینل سما کے سینئر پروڈیوسر اطہرمتین جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سنٹرل رانا معروف عثمان کے مطابق ملزمان شہری کو لوٹ رہے تھے۔ صحافی اطہر متین نے واردات ناکام بنانے کے لیے اپنی گاڑی سے ملزمان کی موٹرسائیکل کوٹکرماری جس سے ملزمان نیچے گرے اورغصے میں اطہرمتین کی کار پرفائرنگ کردی۔ملزمان نے اپنی موٹرسائیکل چھوڑی، پولیس کےمطابق گولیاں لگنے سے کار سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جب کہ ملزمان سڑک عبور کرکے دوسری طرف سے ایک اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔

ایس پی گلبرگ طاہرنورانی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفصیلات لے رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا لگتا ہے تاہم حتمی طور پر تفتیش کے بعد کچھ کہا جا سکتا ہے۔پولیس کے مطابق صحافی اطہر متین بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس گھر آرہے تھے، انہیں ایک گولی لگی جس سے ان کی موت واقع ہوئی،جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کی گولی کا ایک خول ملا ہے۔ اطہر متین نجی ٹی وی سماء سے منسلک تھے اور بطور پروڈیوسر ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے جب کہ وہ معروف نیوز کاسٹر اور اینکر طارق متین کے بھائی تھے۔اطہر متین شہید کے پسماندگان میں دو بیٹیاں اور اہلیہ شامل ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اطہر متین کے انتقال پر صحافی برادری سے اظہار افسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ قاتلوں کو فوری طور گرفتار کیا جائے۔گورنر سندھ نے سماء کے سينیر پروڈيوسر اطہر متین کے قتل کی شديد مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی ہدایت کر دی جبکہ دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے اطہر متین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

متعلقہ خبریں