پولیو اورغربت کے خاتمے کے اقدامات پر بل گیٹس کے مشکور ہیں، عمران خان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پولیو اورغربت کے خاتمے کے اقدامات پر بل گیٹس کے مشکور ہیں، بل گیٹس کی پاکستان آمد باعث مسرت ہے، عالمی سطح پر بل گیٹس کی انسان دوستی کی تعریف کی جاتی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر سافت ویئر کے بانی بل گیٹس کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی اور اپنے بیان میں کہا کہ بل گیٹس کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتا ہوں، بل گیٹس کی انسان دوستی کیلئے عالمی سطح پر تعریف کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو اور غربت کے خاتمے کے اقدامات پر بل گیٹس کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک بانی بل گیٹس نے جمعرات کو قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شرکت کی۔قبل ازیں بل گیٹس اور وزیراعظم عمران خان کے مابین ون آن ون ملاقات ہوئی۔وزیراعظم نے پاکستان کے پہلے دورہ پر بل گیٹس کا خیرمقدم کرتے ہوئے پولیو کے خاتمہ میں حکومت پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون اور شراکت داری پر بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاونڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پولیو کے خاتم کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان ہمارے دو سرحدی صوبوں میں پولیو کے واقعات کا بنیادی ذریعہ ہونے کے ناطے صحت کی ہنگامی سمیت انسانی بحران سے بچنے کے لئے فوری بین الاقوامی تعاون کی متقاضی ہے جبکہ پاکستان 40 ملین افغان عوام کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بھرپور مدد کر رہا ہے۔وزیراعظم نے افغانستان کی سرحدوں سے ملحقہ اضلاع بالخصوص خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پولیو وائرس کے پھیلائو کے خلاف چوکس اور فعال رہنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر بل گیٹس نے پاکستان کے دورے پر مدعو اور گرمجوشی سے مہمان نوازی کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پولیو کی روک تھام کیلئے انتھک محنت کرنے پر قیادت، ہیلتھ ورکرز اور والدین کی کوششوں کو سراہا۔بل گیٹس نے کہا کہ کوڈ 19 کی پابندیوں کے باوجود پاکستان نے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ نیشنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو نے ملک بھر میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے دوران جان کی بازی ہارنے والے 36 فرنٹ لائن ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے 14 اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔قبل ازیں ٹاسک فورس کو بریفنگ میں بتایا گیاکہ پاکستان میں پولیو کے زیرو واقعات کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے تاہم خیبرپختونخوا اور صوبہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کا پتہ چلایا گیا ہے۔

ٹاسک فورس کو بتایا گیا کہ قومی سطح پر پولیو کے قطرے پلانے کی مہم دسمبر 2021ء اور جنوری 2022ء میں شروع کی گئی ہے جس میں بچوں کے لئے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ خطرے والے علاقوں میں سیکورٹی کی فراہمی کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان موثر ہم آہنگی موجود ہے۔ صوبائی حکومتوں نے اجلاس کو پولیو مہم کے لئے مختص وسائل سے آگاہ اور پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لئے مکمل عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں