پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نور عالم خان اپنی ہی حکومت پر برس پڑے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے وزراء کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والے حکمراں جماعت کے ایم این اے نور عالم خان نے جمعہ کے روز قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپنی ہی حکومت پر کھل کر تنقید کی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر کی صدارت میں ہوا۔حکومتی رکن نور عالم خان اس دوران ڈپٹی اسپیکر پر برس پڑے اور کہا کہ بیک بینچرز بھی ووٹ لے کر آئے صرف ووٹ دینے کے لئے نہیں، مگر ڈپٹی سپیکر ہماری طرف دیکھتے ہی نہیں۔ نور عالم خان نے وزراء کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگلی 3 بینچز گناہ گار ہیں، یہ اپنی لینڈ کروزر اور طیاروں سے اتریں تو معلوم ہو عوام کا کیا حال ہے، ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں سب ٹھیک ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ نور عالم خان اس سے قبل بھی قومی اسمبلی کے فلور اور میڈیا پر اپنی ہی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔ حال ہی میں قومی اسمبلی اجلاس کے دوران انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ حماد اظہر کو پتہ ہی نہیں کہ ملک میں کتنی لوڈ شیڈنگ ہے،8 نہیں 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی جاتی ہے تو لوگ ہمیں ماں بہن کی گالیاں دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آٹا سستا کریں، بجلی سستی کریں ایسے کام نہیں چلے گا،کیوں بجلی کے ملازمین کو مفت میں بجلی دی جاتی ہے،شہر میں بجلی نہیں تھی، ایکسین آفس گیا تو وہاں تین تین اے سی چل رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اگر بجلی نہیں دیں گے تو ہم مل کر احتجاج کریں گے۔ جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی اجلاس کے دوران بھی نور عالم خان کی جانب سے حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے تنقید کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں