رمضان المبارک سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل مہنگا ہوگیا

لاہور(نیوز ڈیسک)رمضان المبارک سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل مہنگا کردیا گیا، گھی7 روپے اور کوکنگ آئل 9 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے، درجہ اول کے گھی کی نئی قیمت 298 روپے اور کوکنگ آئل 300 روپے لیٹر ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ برانڈڈ گھی7 روپے اور کوکنگ آئل 9 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے۔ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت درجہ اول کا گھی291 ر وپے سے بڑھا کر 298 روپے اور کوکنگ آئل 291 روپے سے بڑھا کر300 روپے فی لیٹر کردیا گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ لوگ یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیاء کی خریداری کرنے آتے ہیں۔لیکن یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء مہنگی کردی گئی ہیں۔ اب گھی مہنگا کردیا گیا جبکہ رمضان المبارک میں دو تین روپے سستا کرکے کہا جائے گا ہم نے اشیاء سستی کردی ہیں۔ دوسری جانب ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 17.21 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ، 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔اعدادو شمار کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت نے ایک بار پھر سنچری مکمل کر لی اور چینی اوسط ایک روپے 90 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوئی، چینی کی اوسط فی کلوقیمت 100 روپے 92 پیسے ہو گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق مٹن کی اوسط فی کلو قیمت 10 روپے 53 پیسے بڑھی جبکہ بیف کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 44 پیسے کا اضافہ ہوا۔ادارہ شمارت کے مطابق حالیہ ہفتے گھی 83 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ،دودھ 12 پیسے فی کلو، دہی 23 پیسے فی کلو اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک روپے 9 پیسے مہنگا ہوا۔اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ رواں ہفتے کیلا 2 روپے 14 پیسے اور انڈے 5 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ادارہ شمارت کے مطابق مرغی 21 روپے 92 پیسے فی کلو اور ٹماٹر 2 روپے 68 پیسے فی کلو سستے ہوئے ،پیاز 68 پیسے اور آلو 29 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے دال چنا، دال مسور، دال ماش اور ایل پی جی کی قیمتیں بھی کم ہوئیں۔

متعلقہ خبریں