پاکستانی روپے کی قدر میں کمی،ڈالر ایک ساتھ کی بلند ترین سطح پر چلا گیا

کراچی(نیوز ڈیسک) ایک ہفتے کے دوران امریکی ڈالر نے پاکستانی روپے کو بری طرح روند ڈالا، کاروباری ہفتے کے دوران امریکی کرنسی کی قیمت میں 1 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، پاکستانی روپے کی قدر 1 سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں کی طرح رواں ہفتہ بھی ملکی کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کیلئے انتہائی برا ثابت ہوا۔انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران پاکستانی کرنسی کے مقابلے ڈالر کی قدر میں ایک روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹر بینک میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں1.20روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید165.45روپے سے بڑھ کر166روپے اور قیمت فروخت164.55روپے سے بڑھ کر166.40روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر کی قدر میں1.60روپے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 164.40روپے سے بڑھ کر166روپے اور قیمت فروخت164.80روپے سے بڑھ کر166.40روپے پر جا پہنچی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت میں یورو کی قدر میں2.70روپے کا نمایاں اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت خرید 191.80 روپے سے بڑھ کر194.50روپے اور قیمت فروخت193.30روپے سے بڑھ کر196روپے پر جا پہنچی، جبکہ 3 روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 223.50روپے سے بڑھ کر226.80روپے اور قیمت فروخت225.50روپے سے بڑھ کر228.50روپے ہو گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں20پیسے اور برطانوی پونڈ کی قدر میں50پیسے کا اضافہ ہوا تاہم یورو کی قدر میں استحکام رہا ۔ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے کے حوالے سے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کئہ ہفتوں سے کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے پر بہت زیادہ دباو ہے۔ امپورٹس میں اضافے کی وجہ سے ڈالر کی طلب میں توقع سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جبکہ مارکیٹ میں ڈالر کی سپلائی طلب کے مقابلے میں کم ہے، اسی لیے امریکی کرنسی کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

متعلقہ خبریں