حمزہ شہباز نے اپنی کابینہ میں لاہور اور گوجرانوالہ کے قبضہ گروپ کو شامل کیا،اداکار سہیل احمد کی ن لیگ پر تنقید

لاہور (نیوز ڈیسک) اداکار سہیل احمد کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز نے اپنی کابینہ میں لاہور اور گوجرانوالہ کے قبضہ گروپ کو شامل کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سینئر اداکار سہیل احمد کی جانب سے دنیا نیوز کے پروگرام حسب حال میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ سینئر اداکار نے حمزہ شہباز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کچھ دن پہلے جو کابینہ بنائی تھی، کیا اسے کابینہ کہتے ہیں؟۔اس کابینہ میں لاہور اور گوجرانوالہ کے قبضہ گروپ شامل تھے۔ سہیل احمد نے کہا کہ حکومت کے لوگ فرح گوگی پر الزامات لگاتے ہیں جبکہ فرح گوگی کے سسر کو اپنی پارٹی کا حصہ بھی بنا رکھا ہے، آخر یہ کب تک ایسا دہرا معیار اختیار کیے رکھیں گے؟ سینئر اداکار نے کہا مزید کہا کہ عدالت نے جو فیصلہ دے دیا، پرویز الہٰی وزیر اعلٰی بن گئے ہیں تو اسے قبول کریں، الٹا یہ لوگ بڑھ بڑھ کر عدالت سے متعلق بیان بازی کر رہے ہیں۔

ملک کی معاشی صورتحال کے حوالے سے بھی سینئر اداکار نے اپنی رائے دیتے ہوئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ ہوش کریں اور دیکھیں کہ ڈالر کی قیمت کہاں پہنچ گئی ہے۔ سہیل احمد نے کہا کہ ہر کوئی دوسرے پر الزام لگا رہا ہے کہ ملک کی معاشی حالت خراب اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ تمہاری وجہ سے ہوا، سینئر اداکار نے کہا آج جو بھی حالات ہیں سب ہی ان حالات کے ذمے دار ہیں۔یہاں واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ ہفتے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کا فیصلہ ہونے تک حمزہ شہباز کو بطور عبوری وزیر اعلٰی کام جاری رکھنے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم انہیں سیاسی تقرریوں اور اقدامات کرنے سے روکا گیا تھا۔ بعد ازاں حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود 60 افراد سے زائد پر مشتمل صوبائی کابینہ تشکیل دے دی تھی، جس پر انہیں کافی تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا۔

متعلقہ خبریں