حارث رؤف ٹی 20 انٹرنیشنل میں دسویں پاکستانی بولر بن گئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )حارث رؤف ٹی 20 انٹرنیشنل میں 50 وکٹیں لینے والے دسویں پاکستانی بولر بن گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے حارث رؤف نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 50 وکٹیں مکمل کرلیں ،حارث رؤف نے کیریئر کے 39 ویں میچ میں 50 وکٹوں کا سنگ میل

عبور کیا۔ نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کے مطابق حارث رؤف ٹی 20 انٹرنیشنل میں 50 وکٹیں لینے والے دسویں پاکستانی بولر ہیں ۔ اس سے پہلے عمر گل نے 36 ،سعید اجمل نے 37 اور حسن علی نے 38 میچز میں پچاس وکٹیں مکمل کیں ،محمد عامر اور شاداب خان نے بھی 41 ،41 میچز میں پچاس وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔خیال رہے متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے ۔ متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، حسن علی اور عثمان قادر کی جگہ نسیم شاہ اور شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس اور پاتھم نسانکا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن سری لنکا کی صرف دو رنز پر ہی پہلی وکٹ گر گئی جب کوشل مینڈس بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، انہیں نسیم شاہ نے بولڈ کیا۔ سری لنکا کی دوسری وکٹ 23 کے مجموعی سکور پر گری دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پاتھم نسانکا تھے انہوں نے 8 رنز بنائے اور حارث رؤف کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی تیسری وکٹ 36 کے مجموعی سکور پر گری، گھناتھیلا نے ایک رنز بنایا اور انہیں حارث رؤف نے بولڈ کیا، سری لنکا کا سکور 53 ہوا تھا کہ ان کی چوتھی وکٹ گر گئی، ڈی سلوا نے 28 رنز بنائے

اور وہ افتخار احمد کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کا سکور 58 ہوا تو ان کی پانچویں وکٹ بھی گر گئی، ڈاسن شانکا نے دو رنز بنائے اور وہ شاداب خان کا شکار بنے۔ سری لنکا کی چھٹی وکٹ ہسارنگا ڈی سلوا کی گری انہوں نے 36 رنز بنائے اور محمد رضوان نے حارث رؤف کی گیند پر

ان کا کیچ تھام کر پویلین بھیج دیا۔ سری لنکا کی جانب سے راجاپکاسا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا انہوں نے پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انہوں نے 45 گیندوں پر 71 رنز بنائے ان کی اننگ میں تین چھکے اور چھ چوکے شامل تھے، چامیکا نے 14 رنز بنائے اور دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے،

اس طرح مقررہ 20 اوورز میں سری لنکا نے 170 رنز بنائے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے، پاکستان کو سری لنکا نے 171 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاداب خان، افتخار احمد اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں