لاہور قلندرز مجھے کم ترین کیٹگری میں بھی اٹھائے گی تو میں کھیلوں گا،افغان سپنر راشد خان

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان سپرلیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے کھلاڑی راشد خان جاتے جاتے بڑی بات کہہ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے کھلاڑی راشد خان کو اپنی قومی ٹیم میں شمولیت کی وجہ سے پی ایس ایل کو ادھورا چھوڑ کر جانا پڑا لیکن جاتے جاتے افغان کھلاڑی نے بڑا بیان دے کر پی ایس ایل کی شان بڑھا دی ۔ ٹیم مینجمنٹ کی موجودگی میں راشد خان نے کہا کہ پی ایس ایل میں میرے لیے پی ایس ایل ڈرافٹ میں کیٹگری کوئی اہمیت نہیں رکھتی ۔اگرلاہور قلندرز نے مجھے سب سے نچلی کیٹگری میں بھی چنا تو میں پھر بھی اپنی شرکت یقینی بناؤں گا ۔راشد خان کی یہ بات سن کر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی اور مینجمنٹ نے تالیاں بجائیں اور انہیں گلے سے لگا لیا ۔

واضح رہے کہ راشد خان نے گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف رواں سیزن میں اپنا آخری میچ کھیلا۔ ترجمان لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ راشد خان نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کو مزید دستیاب نہیں ہوں گے۔ راشد خان کے متبادل کے طور پر پاکستانی نژاد آسٹریلوی لیگ سپنر فواد احمد پہلے ہی لاہور قلندرز کو جوائن کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں