آرام کرو لالہ، اس عمر میں یہ ۔۔۔پی ایس ایل سے دستبرداری پرشعیب اختر کا شاہد آفریدی کو مشورہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنیوالے سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوئے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہا تھا کہ پی ایس ایل اچھے نوٹ پر ختم کرتا لیکن پرانی انجری کی وجہ سے بہت مشکل ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے شاہد آفریدی کی پی ایس ایل سے دستبرداری پر ان کیلئے ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا۔شعیب اختر نے آفریدی کی ٹوئٹ پر پیغام لکھا کہ’ آرام کرو لالہ، اس عمر میں یہ عشق نہیں آسان‘۔و

اضح رہے کہ شاہد آفریدی نے اتوار کے روز ایک ویڈیو پیغام میں پی ایس ایل سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ شاہد خان آفریدی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرا یہ پیغام خاص طورپر میرے فینز کیلئے ہے جنہوں نے ہمیشہ مجھے میرے کیرئر میں سپورٹ کیا اور میرے لیے میری فیملی کی طرح اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش تھی کہ پی ایس ایل کو اچھے انداز میں ختم کروں لیکن میری کمر کے نچلے حصے کی انجری 15 سال پرانی ہے اور میں اسی انجری کیساتھ کھیلتا رہا ہوں مگر اب یہ اس حد بڑھ گئی ہے کہ گھٹنوں سے پاؤں کی انگلیوں تک بہت زیادہ درد ہوتا ہے۔ پی ایس ایل 7 کے آغاز سے قبل کورونا کا شکار ہونے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اس درد کوبہت زیادہ برداشت کرتا آرہا ہوں لیکن اب میرے اندر برداشت کرنے کی ہمت ختم ہوگئی ہے، صحت ہے تو سب کچھ ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے بعد 2 سے 3 ماہ کا وقفہ ہے جس کے بعد کشمیر پریمئر لیگ شروع ہوجائے گی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں کوئٹی گلیڈی ایٹرز فرنچائز کے مالک ندیم عمر کا خاص طور پر شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ہر معاملے میں بہت زبردست انداز میں سپورٹ کیا اور میں معذرت بھی کروں گا کہ پورا پی ایس ایل نہیں کھیل پارہا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے فینز کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ میں اپنے فینز کی وجہ سے ہی آخری پی ایس ایل کھیلنا چاہ رہا تھا۔شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ آگے کے پی ایل اور ٹی 10 لیگ آرہی ہیں، بحالی پروگرام میں 2 سے 3 ماہ لگیں گے جس کے بعد پھر کسی لیگ میں اپنے مداحوں کے سامنے دوبارہ آؤں گا۔ ویڈیو پیغام میں شاہد آفریدی نے اپنے فینز سے صحت کے لیے دعا کی درخواست کی کہ اللہ ان کی صحت برقرار رکھے۔

متعلقہ خبریں