شعیب اختر کی والدہ انتقال کرگئیں، نماز جنازہ کب اور کہاں اداکی جائیگی، جانئے

لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی والدہ انتقال کرگئی ہیں۔ شعیب اختر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر رات گئے اپنی والدہ کے انتقال کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ’ میری والدہ محترمہ رضائے الٰہی سے وفات پاگئی ہیں، انا للہ وانا الیہ راجعون‘۔ شعیب اختر نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ کی نمازِ جنازہ بعد نماز عصر H-8 اسلام آباد میں ادا کی جائیگی‘۔خیال رہے کہ شعیب اختر کا انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین بولرز میں شمار کیا جاتا تھا۔ ان کے پاس 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین گیند کروانے کا ریکارڈ ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے شعیب اختر کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا ۔فیصل جاوید نےمائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شعیب اختر کی والدہ کے انتقال پر تعزیتی پیغام میں لکھا کہ’ہمارے پیارے دوست کے لیے ڈھیروں دعائیں‘۔انہوں نے شعیب اختر کی والدہ کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے لکھا کہ’اللّٰہ شعیب اختر اور ان کے اہل خانہ کو اس بڑے نقصان پر صبر اور ہمت دے، آمین‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ’ شعیب نے ہمیشہ اپنی ماں کو بہت عزت دی ہے۔ اللّٰہ ان کی والدہ کو جنت میں جگہ دے، آمین‘۔قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر شعیب ملک نے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو ان کی والدہ کے انتقال پر حوصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھائی غم کی اس گھڑی ہم آپ کے ساتھ ہیں۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے اپنے پیغام میں شعیب ملک نے کرکٹ کی دنیا میں راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر کی والدہ کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے، آمین‘۔

متعلقہ خبریں