ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس ہوگیا

کراچی: معروف ٹی وی میزبان اور اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس مکمل ہوگیا۔

ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کی آج پہلی برسی ہے اس موقع پر مداحوں اور ان کے ساتھی فنکاروں کی جانب سے مرحوم کے درجات بلند کرنے اور ان کے لواحقین کے لیے صبر کی دعائیں کی جارہی ہیں۔

عامرلیاقت حسین 5 جولائی 1972 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور نیوز اینکر نجی ٹی وی سے کیا۔
عامر لیاقت نے ’عالم آن لائن‘ نامی پروگرام کی میزبانی سرانجام دی اور یہ پروگرام ان کی شہرت کی وجہ بنا۔ وہ اپنے کیرئیر میں ایکسپریس نیوز سمیت کئی نجی چینلز سے جُڑے رہے۔

2014 میں ایکسپریس نیوز کیلئے عامر لیاقت نے خدمات سرانجام دینا شروع کیں۔ ایکسپریس میڈیا گروپ میں بطور صدر اور ڈیلی ایکسپریس کے مذہبی مواد کے گروپ ایڈیٹر کے طور پر فرائض سرانجام دیئے اور ایکسپریس کی رمضان ٹرانسمیشن پاکستان رمضان کی میزبانی بھی کرتے رہے۔

ان کو ٹی وی اینکرز میں سرفہرست سمجھاجاتا تھا وہ 500 بااثر مسلم شخصیات میں شمولیت کا اعزاز بھی حاصل کرچکے تھے۔

عامر لیاقت سال 2002 سے سال 2007 کے درمیان رکن قومی اسمبلی رہے اور انھیں پرویز مشرف کے دور حکومت میں مذہبی امور کا وزیر بنایا گیا، تاہم 2018 کے انتخابات میں وہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے دوران انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ مارچ 2022 میں چھوڑ دیا تھا۔

ڈاکٹر عامر لیاقت کی پہلی برسی پر ان کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے شوبز ستاروں کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

عامر لیاقت کی برسی پر اداکارہ یمنیٰ زیدی، ندا یاسر، اداکار ساجد حسن اور سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری سمیت دیگر نے ان کی مغفرت کی دعائیں کیں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 9 جون 2022 کی دوپہر کو کراچی میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے انتقال کی تصدیق کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں