انوشے عباسی کو شاندار پرفارمنس کے باوجود بھی ایوارڈ نہ ملنے پر کیسا لگا؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشے عباسی نے شاندار اداکاری کے باوجود بھی ایوارڈ نہ ملنے پر دلچسپ انداز میں دکھ کا اظہار کیا۔

انوشے عباسی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی۔

اداکارہ سے شو کے دوران سوال جواب کے سیگمنٹ میں ایک مداح نے سوال پوچھا کہ ڈرامہ سیریل ’رقصِ بسمل‘ میں آپ نے بہت شاندار اداکاری کی لیکن اس کے باوجود بھی جب ایوارڈ مومن ثاقب کو ملا تو آپ کو کیسا لگا؟

اُنہوں نے مزاحیہ انداز میں اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دل پر بڑی چوٹ لگی میرے، میں آج مومن کے شو میں ان سے وہی ایوارڈ واپس لینے آئی ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ دیکھیں مجھے اس ڈرامے کے لیے کم سے کم 6 ایوارڈ ملنے چاہیئے تھے، 2 مومن، 2 عمران اشرف اور 2 محمود اسلم صاحب کے کیونکہ ان تین مزاحیہ طبیعت کے لوگوں کے ساتھ کام کرنا ایک بہت بڑا محاذ ہے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں ڈرامے کے سنجیدہ سین شوٹ کرواتے ہوئے مومن ثاقب کے سامنے ہاتھ جوڑتی تھی کہ براہ کرم میری طرف مت دیکھو اور ہنسو مت، بس خاموش کھڑے رہو۔

انوشے عباسی نے بتایا کہ جب میں مومن ثاقب کے ساتھ سین شوٹ کرواتی تھی تو اپنے ڈائیلاگ ان کے ماتھے یا بالوں کی طرف دیکھ کر بولتی تھی کیونکہ ان کی آنکھوں میں دیکھتے ہی مجھے ہنسی آجاتی اور میں سین شوٹ کروا ہی نہیں سکتی تھی۔

یہ بات سن کر شو کے میزبان مومن ثاقب نے ہنستے ہوئے کہا کہ سب میری آنکھوں کا کمال ہے تو ہوا یہ کہ مجھے جو ایوارڈ ملا ہے وہ دراصل میری اچھی اداکاری کے لیے نہیں بلکہ انوشے کی اداکاری خراب کرنے کے لیے ملا ہے۔

اُنہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بات یہ ہے کہ انوشے بہت زبردست اداکارہ ہیں انہیں کسی ایوارڈ کی نہیں بس صرف مداحوں کے پیار کی ضرورت ہے جوکہ ان کو مل بھی رہی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ انوشے کو بہت ساری اچھی اور آفرز بھی موصول ہورہی ہیں جوکہ یہ رجیکٹ کر رہی ہیں اور ان آفرز کے بارے میں یہ شوز پر آکر بتاتی بھی نہیں ہیں۔

متعلقہ خبریں