‘پہلے زلزلے کا تجربہ کافی دلچسپ ہے’، بھارتی اداکارہ کو زلزلے کی ویڈیو بنانا مہنگا پڑگیا

بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی مقبول اداکارہ اور خطروں کے کھلاڑی 11 کی رنر اپ دیویانکا تریپاٹھی کو زلزلے سے متعلق نامناسب الفاظ میں تبصرہ کرنا اور ویڈیو بنانا مہنگا پڑ گیا۔

21 مارچ کو بھارت، افغانستان اور پاکستان میں 6 سے زائد شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس نے کئی عمارتوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا جب کہ پاکستان اور افغانستان میں اموات بھی سامنے آئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دیویانکا تریپاٹھی نے زلزلے کے دوران ویڈیو بنائی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کی جانب سے زلزلے کو دلچسپ کہا جارہا ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ یہ ان کی زندگی کا پہلا زلزلہ ہے جس کا وہ تجربہ کررہی ہیں۔

ویڈیو میں اداکارہ کی جانب سے یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ لوگ خوف کی وجہ سے اپنے گھروں سے باہر آگئے ہیں۔

دیویانکا تریپاٹھی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

صارفین کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی نامناسب عمل ہے کیونکہ زلزلہ ایک قدرتی آفت ہے، جب کہ کچھ لوگوں نے تو بھارتی اداکارہ سے معذرت کا مطالبہ بھی کیا۔

متعلقہ خبریں